گڈی ملکاپور پھول مارکیٹ کا کانگریس قائدین ایم کوڈنڈا ریڈی اور عثمان الہاجری نےکیا دورہ، کسانوں اور تاجروں کے مسائل پر توجہ
انچارج حلقہ اسمبلی کاروان جناب عثمان بن محمد الہاجری نے بھی منڈی کی بہتری کے لیے ہر ممکن اقدامات کرنے کا وعدہ کیا اور کہا کہ مقامی مسائل کو حکومت اور متعلقہ محکموں تک پہنچا کر ان کے حل کی کوشش کی جائے گی، تاکہ کسانوں اور تاجروں کو ایک بہتر اور محفوظ ماحول میسر آ سکے۔
حیدرآباد: چیئرمین تلنگانہ اسٹیٹ ایگریکلچر اینڈ فارمرز ویلفیئر کمیشن جناب ایم کوڈنڈا ریڈی، سابق ایم ایل اے، نے انچارج حلقہ اسمبلی کاروان جناب عثمان بن محمد الہاجری کے ہمراہ گڈی ملکاپور پھول مارکیٹ سبزی منڈی کا تفصیلی دورہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے منڈی میں موجود کسانوں، تھوک تاجروں اور ریٹیل تاجروں سے ملاقات کر کے انہیں درپیش مسائل سے راست طور پر واقفیت حاصل کی۔
دورے کے دوران منڈی میں بنیادی سہولتوں، انتظامی امور اور روزمرہ کے معاملات کا باریک بینی سے جائزہ لیا گیا۔ خاص طور پر صفائی و ستھرائی کی صورتحال، نکاسی آب، آمد و رفت کے نظام اور منڈی کے مجموعی نظم و نسق پر توجہ مرکوز کی گئی۔ چیئرمین کمیشن نے منڈی میں پائی جانے والی بے قاعدگیوں پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ حکام کو ہدایت دی کہ کسانوں اور تاجروں کو درپیش مشکلات کے فوری حل کے لیے عملی اقدامات کیے جائیں۔
جناب ایم کوڈنڈا ریڈی نے اس موقع پر کہا کہ کسانوں کی فلاح و بہبود اور انہیں بہتر سہولتیں فراہم کرنا ریاستی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ منڈی میں صفائی، سہولتوں کی فراہمی اور شفاف نظم و نسق کو یقینی بنانے کے لیے کمیشن کی جانب سے مکمل تعاون فراہم کیا جائے گا۔
انچارج حلقہ اسمبلی کاروان جناب عثمان بن محمد الہاجری نے بھی منڈی کی بہتری کے لیے ہر ممکن اقدامات کرنے کا وعدہ کیا اور کہا کہ مقامی مسائل کو حکومت اور متعلقہ محکموں تک پہنچا کر ان کے حل کی کوشش کی جائے گی، تاکہ کسانوں اور تاجروں کو ایک بہتر اور محفوظ ماحول میسر آ سکے۔
اس موقع پر گڈی ملکاپور ڈویژن صدر جناب درگا پرساد، یوتھ کانگریس قائد جناب سنتوش گوڑ، اسامہ بن عثمان الہاجری اور کانگریس پارٹی کے دیگر اہم قائدین بھی موجود تھے، جنہوں نے دورے کے دوران منڈی کے مختلف امور پر اپنی رائے کا اظہار کیا اور اصلاحات کے لیے تجاویز پیش کیں۔