ویڈیو: کانگریس نے کارکنوں کے گھروں کوکرپشن کا گودام بنادیا۔ اے پی میں وزیراعظم کاالزام
وزیراعظم نریندرمودی نے پیر کے روز کہاکہ وہ کرپشن میں لوٹی گئی غریب عوام کی رقم کس طرح واپس حاصل کی جائے‘ اس پر قانونی رائے مشورہ کررہے ہیں۔
راجہ مہندرا ورم(اے پی): وزیراعظم نریندرمودی نے پیر کے روز کہاکہ وہ کرپشن میں لوٹی گئی غریب عوام کی رقم کس طرح واپس حاصل کی جائے‘ اس پر قانونی رائے مشورہ کررہے ہیں۔
وہ جھار کھنڈ کے وزیر کے سکریٹری سے جڑے گھریلومددگارکے گھرسے نقدی کے ڈھیر کی ضبطی کا تذکرہ کررہے تھے۔ ای ڈی نے نقدی کے ڈھیرضط کئے تھے۔ بڑے پیمانے پر نقدی کی ضبطی پرحیرت کا اظہارکرتے ہوئے وزیراعظم نے کہاکہ اس طرح کے افراد پہلے سے کانگریس سے قریب کیوں رہتے ہیں؟
ان افراد نے کارکنوں کے گھروں کو کرپشن کاگودام بنادیاہے۔ جھارکھنڈ میں بڑے پیمانے پر رقومات کی ضبطی کا یہ پہلا معاملہ نہیں ہے بلکہ اس سے قبل ایک ایم پی(جھارکھنڈ) کے قبضہ سے بھاری تعداد میں نقد رقم ضبط کی جاچکی ہے۔ نقدی کااتنا ڈھیرتھاکہ مشینیں بھی رقومات گننے سے قاصر تھیں۔
وزیر اعظم نریندرمودی،یہاں ویماگری میں ایک انتخابی ریالی سے خطاب کررہے تھے۔ جس میں ٹی ڈی پی لیڈرنارالوکیش اورجناسینا پارٹی کے سربراہ پون کلیان نے شرکت کی۔ انہوں نے کہاکہ جن افراد کے قبضہ سے نقدی کے ڈھیر برآمد ہوئے ان کا کانگریس سے قریبی تعلق کیوں رہا ہے؟
یہ ضبط شدہ رقم کہاں منتقل کی جارہی تھی؟ آیا کانگریس خاندان نے سیاہ دھن کے گودام بنائے ہیں؟ کانگریس کے شہزادہ سے ملک اس بات کو جاننا چاہتا ہے۔ راہول گاندھی پر طنز کرتے ہوئے وزیراعظم مودی نے یہ بات کہی۔ انہوں نے کہاکہ کانگریس اورانڈیا اتحاد کا سیاہ دھن جب کبھی پکڑا جاتاتھا تو ان لوگوں نے میرے خلاف گندی زبان استعمال کی۔
وہ، ان کی فحش کلامی سے خوفزدہ نہیں ہیں مگر وہ غریبوں کی رقم جسے لوٹی گئی ہے، واپس حاصل کرناچاہتے ہیں اس ضمن میں وہ قانونی رائے مشورہ کررہے ہیں۔ مودی نے کہاکہ لوٹی گئی رقومات کو واپس لینے کے لئے قانونی رائے لے رہے ہیں۔
انہوں نے کہاکہ بانی تلگودیشم پارٹی و افسانوی اداکاراین ٹی آر پہلے ایسے اداکار ہیں جنہوں نے اداکاری کے ذریعہ ہر گھر میں رام کو پہونچایاتھا۔ انہوں نے کانگریس پر خوشامدی سیاست کا الزام عائد کیا۔
ایودھیا میں رام مندر کی افتتاحی تقریب کا بائیکاٹ کیا۔ مودی نے کانگریس کے ساتھ ریاست کی حکمراں جماعت وائی ایس آر سی پی کو شدید تنقید کانشانہ بنایا اورکہاکہ جگن کے دورمیں کرپشن، لینڈ اورشراب مافیا کوعروج ملاہے۔