کانگریس پارٹی کی پالیسی چھوٹے اور پسماندہ کسانوں کی توہین:تارک راما راو
تلنگانہ پردیش کانگریس کے صدرریونت ریڈی کے ریمارکس پر تلنگانہ کے وزیر آئی ٹی تارک راما راو نے کہا کہ کانگریس پارٹی کی پالیسی چھوٹے اور پسماندہ کسانوں کی توہین ہے۔
حیدرآباد: زرعی مقاصد کے لئے صرف تین گھنٹے ہی بجلی کی سپلائی کافی ہونے سے متعلق تلنگانہ پردیش کانگریس کے صدرریونت ریڈی کے ریمارکس پر تلنگانہ کے وزیر آئی ٹی تارک راما راو نے کہا کہ کانگریس پارٹی کی پالیسی چھوٹے اور پسماندہ کسانوں کی توہین ہے۔
کانگریس ہمیشہ ریاست میں چھوٹے اور معمولی کسانوں کے مفادات کے خلاف کام کرتی رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پارٹی نے ہمیشہ چھوٹے کسانوں کی فلاح و بہبود کو نظر انداز کیا ہے اور معمولی کسانوں کے ساتھ ہمیشہ سوتیلی ماں والا سلوک اختیار کیا ہے۔
راما راؤ نے اپنے بیان میں کہا کہ چھوٹے اور معمولی کسانوں کے لیے تین گھنٹے بجلی کی فراہمی کا مطلب یہ ہوگا کہ وہ اپنے کھیتوں میں پانی کی وافر فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے بڑی موٹروں کا استعمال کرنے پر مجبور ہوں گے۔
انہوں نے کہاکہ ماضی میں، تلگودیشم کے سربراہ چندرابابو نائیڈو نے زراعت کو ایک فضول مشق قرار دیا تھا۔ اب، چھوٹا چندرابابو نائیڈو (ریونت ریڈی) 24 گھنٹے مفت بجلی کی فراہمی میں توسیع کے خلاف ہیں۔
انہوں نے کہا کہ کانگریس پارٹی جو کسانوں کو سات گھنٹے تک بجلی فراہم کرنے میں ناکام رہی تھی، اب 24 گھنٹے مفت بجلی کی فراہمی کے پروگرام کو ختم کرنے کی سازشیں کر رہی ہے۔
یہ کہتے ہوئے کہ کانگریس کو ووٹ دینے سے کسان برادری پریشانی میں پڑ جائے گی، انہوں کہا کہ یہ ریاست کے کسانوں کے لیے آزمائش کا وقت ہے۔