معقولیت پسندانہ سونچ کو بڑھاوا دینے کانگریس رکن کا خانگی بل
کانگریس کے ایک رکن پارلیمنٹ نے معقولیت پسندانہ سونچ، ناقدانہ سونچ اور سماج میں ثبوت پر مبنی فیصلہ سازی کو بڑھاوادینے خانگی رکن بل لوک سبھا میں متعارف کرایا۔
نئی دہلی: کانگریس کے ایک رکن پارلیمنٹ نے معقولیت پسندانہ سونچ، ناقدانہ سونچ اور سماج میں ثبوت پر مبنی فیصلہ سازی کو بڑھاوادینے خانگی رکن بل لوک سبھا میں متعارف کرایا۔
کیرالا کے رکن پارلیمنٹ بینی بہنن نے جمعہ کے دن پروموشن آف ریشنل تھاٹ بل 2024ء پیش کیا۔ اِس بل میں بورڈ فار دِی پروموشن آف ریشنل تھاٹ اینڈ کریٹیکل تھنکنگ کا قیام تجویز کیا گیا۔
بہنن نے کہا کہ سماج میں بڑھتے توہمات کے مدنظر معقولیت پسندانہ سونچ کو بڑھاوادینے کی فوری ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایسے وقت جبکہ وزیراعظم غیرطبعی ہونے کی بات کررہے ہیں اور 2014ء سے معقولیت پسندانہ سونچ کو فروغ نہیں دیا جارہا ہے، یہ بل نہایت اہمیت کا حامل ہے۔
کانگریس رکن پارلیمنٹ نے کہا کہ یہ ملک کے پہلے وزیراعظم جواہر نہرو ہی تھے جنہوں نے سائنٹفک مزاج اور معقولیت پسندانہ سونچ کو بڑھاوا دیا تھا۔
انہوں نے کہا کہ بی جے پی جب سے برسراقتدار آئی ہے ناقدانہ سونچ اختلافِ رائے کی حوصلہ افزائی نہیں ہورہی ہے، کیونکہ وزیراعظم اور ان کی جماعت نامعقول سونچ اور توہم پرستی کو بڑھاوا دے رہے ہیں۔