کرکٹر کا مداح پر حملہ، ویڈیو وائرل
جموں و کشمیر کے سری نگر میں کرکٹ میچ کے بعد ایک حیران کن واقعہ پیش آیا، جہاں ایک کرکٹر نے اپنا غصہ کھوتے ہوئے ایک مداح پر حملہ کر دیا۔ کرکٹر نے مداح کو زمین پر گرا کر بھی مارا۔ اس واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہی ہے۔
جموں و کشمیر کے سری نگر میں کرکٹ میچ کے بعد ایک حیران کن واقعہ پیش آیا، جہاں ایک کرکٹر نے اپنا غصہ کھوتے ہوئے ایک مداح پر حملہ کر دیا۔ کرکٹر نے مداح کو زمین پر گرا کر بھی مارا۔ اس واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہی ہے۔
یہ واقعہ سری نگر کے بخشی اسٹیڈیم میں ریڈ پریمیئر لیگ یعنی آر پی ایل کے دوران پیش آیا۔ ویڈیو میں معروف کشمیری کرکٹر جہانگیر لون کو ایک مداح کے ساتھ جھگڑا کرتے اور اس پر حملہ کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔
اتوار کو اتھواس انڈیا الیون اور رائل گڈول سی سی کے درمیان سیمی فائنل میچ کھیلا گیا، جس میں اتھواس انڈیا الیون نے تین وکٹوں سے کامیابی حاصل کی۔ میچ ختم ہونے کے بعد جیتنے والی ٹیم کے مداح میدان میں اتر کر جشن منانے لگے۔ اسی دوران رائل گڈول سی سی کی جانب سے کھیلنے والے جہانگیر لون کی ایک مداح سے بحث ہو گئی۔
سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیوز میں دیکھا جا سکتا ہے کہ جہانگیر لون سفید سویٹ شرٹ اور جینز پہنے ایک شخص کے ساتھ جھگڑ رہے ہیں۔ ویڈیو میں وہ شخص کو دھکا دیتے اور گھونسے مارتے ہوئے نظر آ رہے ہیں۔ بتایا جا رہا ہے کہ ساتھی کھلاڑیوں نے انہیں روکنے کی کوشش بھی کی، لیکن اس کے باوجود جھگڑا ہو گیا۔
اس واقعے پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے جہانگیر لون نے مقامی میڈیا کو بتایا کہ میچ ہارنے کے بعد جب ان کی ٹیم کے کھلاڑی پویلین کی طرف جا رہے تھے، تو مخالف ٹیم کے کچھ مداح میدان میں آ گئے اور انہیں گالیاں دینے لگے۔ کرکٹر کا الزام ہے کہ مداحوں نے ان کی والدہ کے بارے میں بھی نازیبا باتیں کہیں، جس کے بعد وہ اپنا غصہ قابو میں نہیں رکھ سکے اور حملہ کر بیٹھے۔
جہانگیر لون نے کہا کہ وہ اپنے خاندان کی بے عزتی برداشت نہیں کر سکتے۔ ویڈیو وائرل ہونے کے چند گھنٹوں بعد انہوں نے سوشل میڈیا پر ’’مائی فیملی! مائی پرائیڈ‘‘ یعنی ’’میرا خاندان، میرا فخر‘‘ کے عنوان سے ایک پوسٹ بھی شیئر کی۔
اس واقعے کے بعد کرکٹ شائقین میں ملا جلا ردعمل دیکھنے کو مل رہا ہے۔ کئی لوگوں نے کرکٹر کے رویے کی مذمت کرتے ہوئے ان کے خلاف تادیبی کارروائی کا مطالبہ کیا ہے، جبکہ کچھ لوگوں کا کہنا ہے کہ مداحوں کی جانب سے اشتعال دلانے کے بعد یہ واقعہ پیش آیا۔ اطلاعات کے مطابق متعلقہ حکام اس معاملے کی جانچ کر رہے ہیں۔