کرکٹر سراج کو جوبلی ہلز میں 600 مربع گز امکنہ اراضی مختص
حکومت تلنگانہ نے ہندوستانی کرکٹر محمد سراج کو شہر میں 600مربع گز قطعہ امکنہ اراضی مختص کی ہے۔ ریاستی حکومت نے جمعہ کے روز شہر کے پاش علاقہ جوبلی ہلز میں ہندوستانی تیز گیند باز سراج کو مکان کی تعمیر کے لئے 600 مربع گز اراضی بلا معاوضہ مختص کرنے کے احکام جاری کئے۔
حیدرآباد: حکومت تلنگانہ نے ہندوستانی کرکٹر محمد سراج کو شہر میں 600مربع گز قطعہ امکنہ اراضی مختص کی ہے۔ ریاستی حکومت نے جمعہ کے روز شہر کے پاش علاقہ جوبلی ہلز میں ہندوستانی تیز گیند باز سراج کو مکان کی تعمیر کے لئے 600 مربع گز اراضی بلا معاوضہ مختص کرنے کے احکام جاری کئے۔
محکمہ ریونیو نے جوبلی ہلز میں روڈ نمبر 78 میں قطعہ امکنہ اراضی مختص کرنے کے احکام جاری کئے تھے۔ جی او کے مطابق ہندوستانی تیز گیند باز سراج نے ریاستی حکومت سے خواہش کی تھی کہ وہ رہائشی مقصد کے تحت انھیں قطعہ اراضی مختص کرے کیونکہ وہ گزشتہ 7برسوں سے ہندوستانی کرکٹ ٹیم سے وابستہ ہیں۔
مزید براں وہ ٹوئنٹی 20 ورلڈ کپ 2024 کامیاب ہندوستانی ٹیم کا بھی حصہ تھے۔ محمد سراج کی درخواست پر ضلع کلکٹر حیدرآباد نے چیف کمشنر لینڈ ایڈمنسٹریشن کے پاس ایک تجویز روانہ کرتے ہوئے کرکٹر کو زمین الاٹ کرنے کی خواہش کی۔ جی او کے مطابق اس تجویز کو تلنگانہ لینڈ مینجمنٹ اتھاریٹی کے سامنے رکھا گیا اور اس اتھاریٹی سے زمین الاٹ کرنے کی سفارش کی گئی۔
رواں ماہ کے اوائل میں منعقدہ کابینہ کے اجلاس میں شوٹر ایشا سنگھ، دوبار کی ورلڈ باکسنگ چمپئن شپ نکہت زرین اور تیز گیند باز محمد سراج کو فی کس 600 مربع گز قطعہ امکنہ اراضی مختص کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔
ریاستی حکومت نے نکہت زرین اور محمد سراج کو گروپ I-کی نوکریاں دینے کا بھی فیصلہ کیا۔ سراج گروپ I- عہدہ کے لئے اہل نہیں ہیں کیونکہ وہ صرف انٹرمیڈیٹ کامیاب ہیں مگر حکومت نے صرف انھیں استثنیٰ دینے کا فیصلہ کیا ہے۔