سوشیل میڈیا

خطرناک عاشقی، آندھرا کا جوڑا گرفتار

یہ ویڈیو وشاکھاپٹنم کے اسٹیل پلانٹ روڈ کا ہونے کا دعویٰ کیا جا رہا ہے جبکہ ایک کار میں سوار شخص نے ان دونوں کو اس حالت میں اپنے موبائل فون کیمرے میں قید کرلیا تھا۔

وشاکھاپٹنم: آندھرا پردیش کے وشاکھاپٹنم میں ایک جوڑے کوان کا ایک ویڈیو وائرل ہونے کے بعد گرفتار کرلیا گیا۔ اس ویڈیو  میں دیکھا جاسکتا ہے کہ لڑکی چلتی موٹر سائیکل پر اس کے فیول ٹینک پر بیٹھی ہے جبکہ وہ اس لڑکے سے بغل گیر ہے جو گاڑی چلارہا ہے۔

یہ ویڈیو وشاکھاپٹنم کے اسٹیل پلانٹ روڈ کا ہونے کا دعویٰ کیا جا رہا ہے جبکہ ایک کار میں سوار شخص نے ان دونوں کو اس حالت میں اپنے موبائل فون کیمرے میں قید کرلیا تھا۔

لڑکی کی شناخت 19 سالہ شیلجا اور لڑکے کی شناخت 22 سالہ اجئے کمار کے طور پر ہوئی ہے۔ جب یہ معاملہ وشاکھاپٹنم پولیس کے علم میں آیا تو فوری طور پر اس جوڑے کو گرفتار کر لیا گیا۔

پولیس کے مطابق دونوں کے خلاف لاپرواہی سے ڈرائیونگ ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے اور بائیک کو ضبط کرلیا گیا ہے۔ پولیس نے دفعہ 336، 279، 132 اور 129 موٹر وہیکل ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کیا ہے۔

دونوں کے والدین کو طلب کیا گیا اور ان کے سامنے ان کی کونسلنگ کی گئی۔ سٹی پولیس کمشنر سی ایچ سریکانت نے بتایا کہ لوگوں کے لئے ضروری ہے کہ وہ ٹریفک قوانین کی پابندی کریں۔

انہوں نے ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کو سخت کارروائی کا انتباہ دیا جس میں گاڑیوں کی ضبطی کے ساتھ دیگر سزائیں شامل ہیں۔