حیدرآباد

حیدرآباد کے گچی باؤلی میں امریکی شہری کی مشتبہ حالات میں موت

شہر کے گچی باؤلی علاقے میں واقع ایک ایگزیکٹیو اپارٹمنٹ میں امریکی شہری مشتبہ حالات میں مردہ پایا گیا۔ متوفی کی شناخت 41 سالہ مچل برائن لی کے طور پر کی گئی ہے، جو امریکی ریاست کیلیفورنیا کا باشندہ تھا۔

حیدرآباد: شہر کے گچی باؤلی علاقے میں واقع ایک ایگزیکٹیو اپارٹمنٹ میں امریکی شہری مشتبہ حالات میں مردہ پایا گیا۔ متوفی کی شناخت 41 سالہ مچل برائن لی کے طور پر کی گئی ہے، جو امریکی ریاست کیلیفورنیا کا باشندہ تھا۔

ابتدائی اطلاعات کے مطابق مچل برائن لی 2 نومبر کو اپنے کاروباری ساتھی ڈیوڈ کے ساتھ کاروباری مقاصد کے لیے حیدرآباد پہنچا تھا۔ دونوں اپارٹمنٹ کی 12ویں منزل پر مقیم تھے۔

بتایا گیا ہے کہ مچل بدھ کی شام سے فون کالس کا جواب نہیں دے رہا تھا۔ جمعہ کی شام تقریباً 6:30 بجے اپارٹمنٹ کے عملے نے ماسٹر کی کے ذریعے اس کے کمرے کا دروازہ کھولا تو وہ بستر پر بے ہوشی کی حالت میں پایا گیا۔

اطلاع ملنے پر 108 ایمبولینس کا طبی عملہ وہاں پہنچا اور معائنہ کے بعد اسے مردہ قرار دے دیا۔

واقعہ کی اطلاع ملتے ہی گچی باؤلی پولیس نے مقام پر پہنچ کر تحقیقات شروع کردی ہیں۔ پولیس مچل کے قیام، اس کی حالیہ سرگرمیوں اور موت کے حالات سے متعلق تفصیلات جمع کررہی ہے۔

تاحال موت کی اصل وجہ معلوم نہیں ہوسکی ہے۔ پولیس مختلف پہلوؤں سے معاملے کی تحقیقات کررہی ہے اور مزید تفصیلات کا انتظار ہے۔