مہاراشٹرا

بی جے پی کو شکست دینا تمام ہم خیال جماعتوں کا بنیادی مقصد : انڈیا اتحاد

تمام ہم خیال جماعتیں‘ بی جے پی کو شکست دینے کے بنیادی مقصد کے تحت متحد ہوئی ہیں کیوں کہ اس کی گزشتہ ساڑھے نو سال کی حکمرانی ملک کے لیے ”تباہ کن“ ثابت ہوئی اور دستور کے تحفظ کی ضرورت ہے۔

ممبئی: ممبئی میں انڈین نیشنل ڈیولپمنٹل انکلوسیو الائنس (انڈیا) کے تیسرے اہم دو روزہ اجلاس سے پیشتر سی پی آئی اور وی سی کے نے کہا کہ تمام ہم خیال جماعتیں‘ بی جے پی کو شکست دینے کے بنیادی مقصد کے تحت متحد ہوئی ہیں کیوں کہ اس کی گزشتہ ساڑھے نو سال کی حکمرانی ملک کے لیے ”تباہ کن“ ثابت ہوئی اور دستور کے تحفظ کی ضرورت ہے۔

متعلقہ خبریں
9 نومبر کی تاریخ گزرگئی، اتراکھنڈمیں یو سی سی لاگو نہ ہونے پر کانگریس کا طنز
ملک کی جمہوری نوعیت کو بڑھانے کے لئے سخت محنت کرنے کی ضرورت : نوبل انعام یافتہ ماہر معاشیات
وزیراعظم کی پیرالمپکس میں میڈل جیتنے والوں سے بات چیت (ویڈیو)
آسام کے اسمبلی حلقہ سماگوڑی میں بی جے پی اور کانگریس ورکرس میں ٹکراؤ
جامع سروے، غلط معلومات پھیلانے والوں کے خلاف سخت کارروائی کا انتباہ

یہاں انڈیا اجلاس کے حاشیہ پر سی پی آئی کے جنرل سکریٹری ڈی راجہ نے کہا کہ ”درحقیقت بنگلورو کے دوسرے اجلاس میں اس سوال پر غور و خوص ہوا تھا۔ غور و خوص اور ایک دوسرے سے مشاورت کے بعد انڈیانام کو منظوری دی گئی اور ملک کے عوام کے سامنے اس کا اعلان کیا گیا۔“

انہوں نے کہا کہ ملک کے حالات متقاضی ہیں کہ بی جے پی کو شکست دینے بائیں بازو سمیت تمام سیکولر جمہوری پارٹیاں متحد ہو کر مقابلہ کریں۔ اتحاد کا بنیادی مقصد متحدہ مقابلہ اور ملک، جمہوریت، دستور، وفاقیت اور سیکولرازم کو بچانے بی جے پی کو شکست دینا ہے۔ یہ تمام دستوری اقدار ہیں جنہیں مودی حکومت کمزور کررہی ہیں۔“

مرکز کی بی جے پی حکومت پر طنز کرتے ہوئے سی پی آئی لیڈر نے کہا کہ گزشتہ ساڑھے نو برسوں میں بی جے پی تباہ کن ثابت ہوئی اور ہم اسے حکمرانی نہیں بلکہ بدانتظامی کہہ سکتے ہیں اور عوام ناقابل تصور مصائب اور آلام سے گزررہے ہیں۔

اسے سمجھنے کی ضرورت ہے اور اسی لیے ہم کہہ رہے ہیں کہ بی جے پی کو اقتدار سے بے دخل کرنے کی ضرورت ہے اور اتحاد کا یہی بنیادی مقصد ہے۔“وی سی کے کے صدر تروماولن نے کہا کہ سب سے پہلے تو ہمیں بی جے پی کو شکست دینا ہے اور یہ انڈیا اتحاد کا اصل مقصد ہے۔ تمام اپوزیشن جماعتوں کے متحد ہو کر کام کرنے پر ہی ہم بی جے پی کو شکست دے کر کامیاب ہوسکتے ہیں۔

ورنہ بی جے پی کا اقتدار برقرار رہے گا اور وہ مستقبل میں دستور کو پھینک دے گی۔ لہٰذا ہمیں دستور اور ملک کو بچانا ہے اور اسی لیے تمام جمہوری قوتوں اور پارٹیوں کا الیکشن میں متحد ہونا ناگزیر ہوگیا تھا۔

تمام قائدین اقل ترین مشترکہ پروگرام (سی ایم پی) کے تعلق سے بات کررہے ہیں اور ہم وی سی کے پارٹی جو اس اتحاد کا حصہ ہیں، سی ایم پی میں حاشیہ بردار طبقات، اقلیتوں، خواتین، قبائلیوں کے تحفظ کو شامل کرنے کی تجویز پیش کریں گے کیوں کہ انڈیا اتحاد کے لیے یہ بے حد اہم ہے۔

قائدین کے ریمارکس‘ انڈیا بلاک کے تیسرے اہم اجلاس سے پیشتر سامنے آئے جو ممبئی میں 31/ اگست اور یکم ستمبر کو منعقد ہورہا ہے۔ ہم خیال جماعتوں کا پہلا اجلاس بہار کے پٹنہ میں 23/ جون اور دوسرا اجلاس کرناٹک کے بنگلورو میں منعقد ہوا تھا جس میں انڈیا نام کا فیصلہ کیا گیا۔