تلنگانہ

’انویسٹ تلنگانہ گلوبل سمٹ‘ فوری ملتوی کرنے کا مطالبہ، 400 سے زائد دانشوروں اور سماجی کارکنوں کا ریونت ریڈی کو کھلا مکتوب

تلنگانہ میں شدید خشک سالی اور پانی کی قلت کے پیش نظر 400 سے زائد سماجی کارکنوں، دانشوروں اور سول سوسائٹی کے نمائندوں نے چیف منسٹر ریونت ریڈی کو کھلا مکتوب روانہ کرتے ہوئے ’انویسٹ تلنگانہ گلوبل سمٹ‘ فوری طور پر ملتوی کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

حیدرآباد: تلنگانہ میں شدید خشک سالی اور پانی کی قلت کے پیش نظر 400 سے زائد سماجی کارکنوں، دانشوروں اور سول سوسائٹی کے نمائندوں نے چیف منسٹر ریونت ریڈی کو کھلا مکتوب روانہ کرتے ہوئے ’انویسٹ تلنگانہ گلوبل سمٹ‘ فوری طور پر ملتوی کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

مکتوب میں سوال اٹھایا گیا ہے کہ جب ریاست کے 31 اضلاع کے 365 منڈلوں کو شدید خشک سالی کا سامنا ہے تو ایسے وقت میں غیر ملکی سرمایہ کاری سمٹ منعقد کرنے کی کیا ضرورت ہے۔ خط میں کہا گیا ہے کہ ایک جانب عوام پانی کی قلت سے پریشان ہیں، تو دوسری جانب تقریب میں شرکت کرنے والے تقریباً 4,000 مہمانوں کے لیے فائیو اسٹار سہولتوں کا انتظام کیا جارہا ہے۔

دانشوروں نے انڈیا کے فیوچر سٹی میں تقریبات منعقد کرنے پر بھی اعتراض کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ پانی کی قلت کے باعث اسکولوں اور ہاسٹلوں کو بند کرنے کی نوبت آرہی ہے، جبکہ حکومت ایک بڑی تقریب کے انعقاد پر توجہ دے رہی ہے۔

مکتوب میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ غیر ملکی مہمانوں کی میزبانی کے لیے سینئر عہدیداروں اور آئی اے ایس افسران کو رابطہ افسر مقرر کرنا انتظامی ناکامی کی علامت ہے۔ ان کے مطابق خشک سالی سے نمٹنے کے بجائے سرکاری افسران کو مہمانوں کی خدمت پر مامور کیا جارہا ہے۔

سول سوسائٹی کے نمائندوں نے مطالبہ کیا ہے کہ عوامی فنڈز، پانی اور بجلی کے وسائل کو مکمل طور پر خشک سالی سے نمٹنے اور متاثرہ علاقوں کے عوام کو راحت پہنچانے کے لیے استعمال کیا جائے۔

اس کھلے مکتوب پر دستخط کرنے والی اہم شخصیات میں پروفیسر شانتا سنہا، اکنوری مرلی اور ای اے ایس شرما سمیت دیگر دانشور اور سماجی کارکن شامل ہیں۔ انہوں نے حکومت سے اپیل کی ہے کہ عوام کو درپیش مشکلات کو ترجیح دیتے ہوئے گلوبل سمٹ ملتوی کرنے کا فیصلہ کیا جائے۔