تلنگانہ

انٹرمیڈیٹ بورڈ کا انضمام صرف کارپوریٹ تعلیمی اداروں کو فائدہ پہنچانے کے لیے؟ جماعت نہم اور دہم کی کلاسیں کالجوں میں شروع کرنے کی تجویز پر تنقید

تاہم ماہرین تعلیم نے اس منصوبے پر تشویش ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس سے چیتنیا اور نارائنا جیسے بڑے نجی تعلیمی اداروں کو مزید فائدہ پہنچ سکتا ہے، جبکہ طلبہ پر تعلیمی دباؤ اور استحصال کے امکانات بھی بڑھ سکتے ہیں۔

حیدرآباد: تلنگانہ حکومت کی جانب سے انٹرمیڈیٹ بورڈ کو اسکولی تعلیم کے نظام میں ضم کرنے کے فیصلے کے تحت اب کالجوں میں جماعت نہم اور دہم کی تعلیم شروع کرنے کی تجویز زیر غور ہے۔

تاہم ماہرین تعلیم نے اس منصوبے پر تشویش ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس سے چیتنیا اور نارائنا جیسے بڑے نجی تعلیمی اداروں کو مزید فائدہ پہنچ سکتا ہے، جبکہ طلبہ پر تعلیمی دباؤ اور استحصال کے امکانات بھی بڑھ سکتے ہیں۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر اس تجویز پر عمل کیا گیا تو نجی تعلیمی ادارے جماعت نہم ہی سے آئی آئی ٹی اور نیٹ کوچنگ کے نام پر طلبہ اور ان کے والدین سے بھاری فیسیں وصول کرسکتے ہیں۔ اس طرح کم عمر طلبہ کو ابتدائی جماعتوں ہی سے مسابقتی امتحانات کی تیاری کے دباؤ میں ڈالنے کا خدشہ ہے۔

قابل ذکر ہے کہ کئی بڑے نجی کالجوں نے پہلے ہی تشہیری مہم شروع کردی ہے اور دعویٰ کیا جارہا ہے کہ انہیں جماعت نہم سے طلبہ کے داخلوں کی اجازت مل رہی ہے۔ ان اشتہارات اور تشہیری سرگرمیوں کے بعد حکومت کی تجویز پر سوالات اٹھائے جارہے ہیں۔

تعلیمی حلقوں کا الزام ہے کہ انٹرمیڈیٹ بورڈ کو اسکولی تعلیم کے نظام میں ضم کرنے کا اقدام سرکاری تعلیمی اصلاحات کے بجائے نجی تعلیمی اداروں کو فائدہ پہنچانے کا ذریعہ بن سکتا ہے۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ جماعت نہم اور دہم کی کلاسیں کالجوں میں شروع کرنے کی تجویز واپس لی جائے اور طلبہ کے تعلیمی مفادات کو ترجیح دی جائے۔