دھُرندھر 2025 کی سب سے زیادہ کمائی کرنے والی فلم بن گئی ہے۔
دھُرندھر' نے صرف 21 دنوں میں ایک ہزار کروڑ روپے کی حد عبور کر لی۔ فلم اب تک 1,002.7 کروڑ روپے کا کاروبار کر چکی ہے
نئی دہلی : بالی ووڈ فلم ‘دھُرندھر’ عالمی باکس آفس پر ایک ہزار کروڑوالے کلب’ میں شامل ہو گئی ہے۔ اس کے ساتھ ہی یہ فلم سال 2025 کی سب سے زیادہ کمائی کرنے والی فلم بھی بن گئی ہے۔
رنویر سنگھ کی مرکزی کردار والی اس فلم نے اس دوران کئی ریکارڈ قائم کیے ہیں۔ اس نے اس سال کی ابتدائی بلاک بسٹر فلمیں ‘کانتارا: چیپٹر۔1 اور ‘چھاوا’ کو پیچھے چھوڑ دیا ہے۔ جہاں ‘چھاوا’ نے عالمی سطح پر 807.91 کروڑ روپے اور ‘کانتارا نے 852 کروڑ روپے کی کمائی کی تھی، وہیں ‘دھُرندھر’ نے صرف 21 دنوں میں ایک ہزار کروڑ روپے کی حد عبور کر لی۔ فلم اب تک 1,002.7 کروڑ روپے کا کاروبار کر چکی ہے۔ یہ اعداد و شمار فلم ٹریڈ اینالسس ویب سائٹ سیکنِلک کے مطابق ہیں۔
ملک کے اندر بھی فلم نے شاندار کارکردگی دکھائی ہے۔ ابتدائی 21 دنوں میں ‘دھُرندھر’ ہندستان میں 650 کروڑ روپے سے زائد کی کمائی کر چکی ہے۔ کرسمس کے روز، یعنی اپنے 21ویں دن، فلم نے 28.60 کروڑ روپے کا بزنس کیا۔
پہلے ہفتے میں فلم نے 218 کروڑ روپے کمائے۔ دوسرے ہفتے میں یہ کمائی پہلے ہفتے سے زیادہ رہی اور فلم نے 261.50 کروڑ روپے کا بزنس کیا۔ 15ویں سے 20ویں دن کے درمیان فلم کے کاروبار میں مزید 160.70 کروڑ روپے کا اضافہ درج ہوا۔
اب تک فلم ملک میں 668.80 کروڑ روپے کی کمائی کے ساتھ 700 کروڑ کلب میں شامل ہونے کی جانب تیزی سے بڑھ رہی ہے۔ اس کے ساتھ ہی یہ فلم گھریلو سطح پر سب سے زیادہ کمائی کرنے والی ہندستانی فلموں کی ٹاپ 10فہرست میں بھی شامل ہو گئی ہے۔ اس نے رنبیر کپور کی فلم ‘اینیمل’ کو پیچھے چھوڑتے ہوئے نویں پوزیشن حاصل کر لی ہے۔