تلنگانہ

اقامتی اسکول کے طلبہ کا دھرنا، اسٹاف کی ہراسانی پر احتجاج

ضلع رنگاریڈی کے پالما کولہ گاؤں میں اقامتی اسکول کے طلبہ نے سڑک پر احتجاج منظم کرتے ہوئے چیف منسٹر اے ریونت ریڈی سے مطالبہ کیا کہ وہ انہیں درپیش مسائل حل کرنے کے لئے مداخلت کریں۔

حیدرآباد: ضلع رنگاریڈی کے پالما کولہ گاؤں میں اقامتی اسکول کے طلبہ نے سڑک پر احتجاج منظم کرتے ہوئے چیف منسٹر اے ریونت ریڈی سے مطالبہ کیا کہ وہ انہیں درپیش مسائل حل کرنے کے لئے مداخلت کریں۔

طلبہ کے مطابق اسکولی اسٹاف طلبہ کو ایسا کھانا سربراہ کرتے ہیں جس میں کیڑے پائے جاتے ہیں جبکہ اسکولی اساتذہ کے لئے علحدہ‘ معیاری اور صحت بخش کھانا تیار کیا جاتا ہے۔

ناقص اور غیر معیاری غذا کی فراہمی پر سوال کرنے پر طلبہ سے کہا جاتا ہے کہ وہ اپنے گھر سے کھانا لے کر آئیں۔ ان طلبہ نے اسکول میں صاف پینے کے پانی کی سہولت کی عدم دسیتابی کی بھی شکایت کی۔

ان احتجاجی طلبہ نے یہ بھی الزام عائد کیا کہ اسٹاف کے ارکان‘ ہمارے ساتھ فحش کلامی کرتے ہیں اور شکایت کرنے پر وہ ہمیں ایس ایس سی امتحانات میں ناکام کرنے کی دھمکیاں دیتے ہیں۔

مسلسل نظر انداز کرنے اور ہراساں کرنے پر دلبرداشتہ طلبہ‘ سڑکوں پر آنے اور احتجاج کرنے پر مجبور ہوگئے۔

احتجاجی طلبہ نے چیف منسٹر پر زور دیا کہ وہ اس اقامتی اسکول کا دورہ کرتے ہوئے انہیں درپیش مسائل کی یکسوئی کریں۔ انہوں نے کہا کہ ہماری حمایت‘ حوصلہ افزائی کرنے اور یقین دہانی کرانے کے بجائے ہمیں تعلیمی مستقبل کے بارے میں خوف زدہ کیا جارہا ہے۔

a3w
a3w