دہلی

پارلیمنٹ میں کل سے پہلگام اور آپریشن سندور پر بحث

پارلیمنٹ کے مانسون اجلاس کے پہلے ہفتہ میں خلل کے بعد پیر کے دن سے پہلگام حملہ اور آپریشن سندور پر گرماگرم بحث کی راہ ہموار ہوگئی ہے۔

نئی دہلی (پی ٹی آئی) پارلیمنٹ کے مانسون اجلاس کے پہلے ہفتہ میں خلل کے بعد پیر کے دن سے پہلگام حملہ اور آپریشن سندور پر گرماگرم بحث کی راہ ہموار ہوگئی ہے۔

برسراقتدار محاذ اور اپوزیشن ان دو مسائل پر جو قومی سلامتی اور خارجہ پالیسی مضمرات سے جڑے ہیں، ایک دوسرے سے الجھیں گے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیر خارجہ امیت شاہ، وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ اور وزیر خارجہ ایس جئے شنکر ان مسائل پر بولیں گے۔

اشارہ مل رہا ہے کہ وزیراعظم نریندر مودی مداخلت کریں گے۔ دونوں ایوانوں میں اپوزیشن قائدین راہول گاندھی اور ملکارجن کھرگے سماج وادی پارٹی کے اکھلیش یادو کے ساتھ حکومت کو گھیرنے کیلئے تیار ہوں گے۔ دیگر کئی قائدین بھی حکومت کو گھیریں گے۔

وزیرپارلیمانی امور کرن رجیجو نے 25جولائی کو کہا تھا کہ اپوزیشن پیر سے لوک سبھا میں اور منگل سے راجیہ سبھا میں دو مسائل پر بحث شروع کرنے کے لئے آمادہ ہے۔ دونوں ایوانوں میں 16-16گھنٹوں کی بحث پر اتفاق ہوا ہے۔

ایک بڑا سوال یہ ہے کہ آیا کانگریس ششی تھرور کو جو حکومت ِ ہند کے ایک وفد کی قیادت کرتے ہوئے بیرون ملک گئے تھے، اپنی طرف سے بولنے دے گی یا نہیں۔

کانگریس کے اِس تجربہ کار رکن لوک سبھا نے پہلگام دہشت گرد حملہ کے بعد حکومت کی کارروائی کی کھل کر تائید کی تھی، جس سے کانگریس سے ان کے تعلقات کشیدہ ہوگئے۔ انہوں نے ایک اہم وفد کی قیادت کی تھی لہٰذ ا کسی نہ کسی طرح انہیں ایوان میں بولنے کا موقع دیا جاسکتا ہے۔