حج کے خواہشمند غیر منظورہ آپریٹرس کے فریب کا شکار نہ بنیں
حکومت ہند کی وزارت اقلیتی امور حج ڈیویژن نے حج 2023 کے لئے تلنگانہ اور آندھرا سے کیٹگری I اور کیٹگری II کے تحت 28 حج گروپ آرگنائزرس کو کوٹہ منظور کیا ہے۔
حیدرآباد: حکومت ہند کی وزارت اقلیتی امور حج ڈیویژن نے حج 2023 کے لئے تلنگانہ اور آندھرا سے کیٹگری I اور کیٹگری II کے تحت 28 حج گروپ آرگنائزرس کو کوٹہ منظور کیا ہے۔
یہ بات چیرمین ریاستی حج کمیٹی محمد سلیم اور صدر تلنگانہ حج وعمرہ گروپ آرگنائزرس محمد عبدالرزاق قمر نے ایک پریس کانفرنس میں بتائی۔ اس موقع پر سکریٹری اسوسی ایشن محمد سراج بھی موجود تھے۔
محمد سلیم نے بتایا کہ جن عازمین کو عمرہ کی اجازت ہے انہیں حج 2023 کی اجازت نہیں ہے۔ انہوں نے بتایا کہ عازمین حج کے لئے بہتر سے بہتر سہولتوں کے انتظامات کو یقینی بنانے کے لئے بڑے پیمانے پر اقدامات کئے گئے ہیں۔
عازمین حج کو 5 فیصد جی ایس ٹی اور 5 فیصد ٹی سی ایس ادا کرنا ہوگا۔ جن امیدواروں نے جی ایس ٹی ادا نہیں کیا تھا ان کی درخواستیں مسترد کردی گئی تھیں۔
عبدالرزاق قمر نے بتایا کہ وزارت اقلیتی امور حج ڈیویژن نے حج 2023 کے لئے تلنگانہ میں کیٹگری I کے تحت 18 حج گروپ آرگنائزرس الحرا ٹورس اینڈ ٹراویلس‘ آلٹن ٹراویلس اینڈ کارگو‘ مدینہ ٹورس اینڈ ٹراویلس‘ الیامین ٹورس اینڈ ٹراویلس‘ گولڈن ٹراویلس‘ گلوبل ٹورس اینڈ ٹراویلس‘ رایل ٹراویلس اینڈ کارگو سرویسس‘ عرفات ٹورس حج اینڈ عمرہ گروپ‘ مدنی حج گروپ‘ الاعظم ٹورس اینڈ ٹراویلس‘ بکہ ٹورس حج وعمر سرویسس‘
مبارک حج وعمرہ سرویسس‘ الایجابہ ٹورس حج و عمرہ سرویسس‘ احمد حج و عمرہ سرویسس‘ الساگر حج عمرہ ٹورس‘ رئیس انٹرپرائزیز‘ آر کے حج و عمرہ‘ عارض ٹراویلس وٹورس کو کوٹہ منظور کیا ہے اور کیٹگری II کے تحت الفہد حج وعمرہ ٹورس اینڈ ٹراویلس‘ فضل حج گروپ‘ یونیک ٹراویلس‘ رومیسا ٹراویلس اینڈ ٹورسٹ بیورو‘ ایم جی حج گروپ‘ التوحید ٹورس اینڈ ٹراویلس فار حج اینڈ عمرہ‘ گولڈن ونگس ٹراویلس سرویسس‘ ایئر ورلڈ ٹورس اینڈ ٹراویلس‘ انعام ٹورس حج اینڈ عمرہ گروپ‘ جمال ٹورس اینڈ ٹراویلس اور ابراہیم حج ٹورس اینڈ ٹراویلس کو کوٹہ منظور کیا گیا ہے۔
آندھرا کے لئے کیٹگری I کے لئے اکبر ٹراویلس سرویسس اور کیٹگری II کے لئے قوی ٹورس اینڈ ٹراویلس‘ الاشرف ٹورس اینڈ ٹراویلس کو کوٹہ منظور کیا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ پرائیویٹ مسلمہ ٹور آپریٹرس کے ذریعہ حج اخراجات 7 تا 9 لاکھ روپے دیئے ہیں۔
انہوں نے چیرمین حج کمیٹی کے الفاظ دہراتے ہوئے کہا کہ ہر حاجی کو جی ایس ٹی اور ٹی سی ایس ادا کرنا ہوگا۔ انہوں نے حج کی ادائیگی کے خواہش مند حضرات سے اپیل کی کہ وہ غیر مسلمہ اور ایسے حج گروپ آرگنائزرس کے جھانسے میں نہ آئیں۔
جنہیں کوٹہ منظور نہیں ہوا اور جو کم خرچ میں حج کروانے کا تیقن دیتے ہیں۔ ماضی میں ایسے کئی واقعات پیش آچکے ہیں جب عازمین نے کم خرچ کے نام پر جو کچھ ادا کیا تھا اس سے بھی محروم ہوئے اور ان کا ایک سال ضائع بھی ہوا۔