میسورو دسہرہ کا افتتاح بانو مشتاق سے کرانے کے فیصلہ کی حمایت میں سدارامیا کا بیان
چیف منسٹر کرناٹک سدارامیا نے جاریہ سال کی میسور دسہرہ تقاریب کے افتتاح کے لئے انٹرنیشنل بکر پرائز ونر بانو مشتاق کو مدعو کرنے کے فیصلہ کی مدافعت کی۔انہوں نے اس ایونٹ کو سبھی برادریوں کا ”سیکولر“ اور ”کلچرل“ تہوار قراردیا۔
میسورو (پی ٹی آئی) چیف منسٹر کرناٹک سدارامیا نے جاریہ سال کی میسور دسہرہ تقاریب کے افتتاح کے لئے انٹرنیشنل بکر پرائز ونر بانو مشتاق کو مدعو کرنے کے فیصلہ کی مدافعت کی۔انہوں نے اس ایونٹ کو سبھی برادریوں کا ”سیکولر“ اور ”کلچرل“ تہوار قراردیا۔
سدارامیا نے اتوار کے دن بنگلورو میں میڈیا سے بات چیت میں کہا کہ دسہرہ کلچرل فیسٹیول (ثقافتی تہوار) ہے۔ یہ ریاستی تہوار ہے۔ ایسا کچھ بھی نہیں ہے کہ اس کا افتتاح صرف ایک مخصوص لوگوں کے ہاتھوں میں عمل میں آئے۔ یہ ریاستی تہوار سبھی لوگوں ہندوؤں‘ عیسائیوں‘ مسلمانوں‘ جینیوں اور بدھسٹوں کے لئے ہے۔
یہ ہر کسی کا فیسٹیول ہے۔ دسہرہ ہائی پاور کمیٹی نے مجھے اختیار دیا تھا اور میں نے فیصلہ کیا کہ انٹرنیشنل بکر پرائز ونر بانو مشتاق کے ہاتھوں اس کا افتتاح عمل میں آئے۔ سابق میں بھی شاعر کے ایس نثار احمد نے دسہرہ فیسٹیول کا افتتاح کیا تھا۔
ان کے فیصلہ کی مخالفت کرنے والوں کو تاریخ نہ جاننے والے متعصب افراد قراردیتے ہوئے چیف منسٹر نے نشاندہی کی کہ دسہرہ فیسٹیول حیدر علی‘ ٹیپو سلطان اور دیوان مرزا اسمٰعیل کے دور میں بھی منایا جاتا تھا۔ یہ سیکولر تہوار ہے لہٰذا میں نے انٹرنیشنل بکر پرائز ونر کو مدعو کرنے کا فیصلہ کیا۔ بعض مذہبی جنونی اس کے خلاف بول رہے ہیں۔ ان لوگوں کو تاریخ پڑھنی چاہئے۔
چیف منسٹر نے الزام عائد کیا کہ بی جے پی مسئلہ کو سیاسی رنگ دے رہی ہے۔ بانو مشتاق کا ایک پرانا ویڈیو وائرل ہونے کے بعد سے اعتراضات ہونے لگے تھے۔ اس ویڈیو میں انہوں نے بھونیشوری دیوی کو کنڑا ماتا کی حیثیت سے پوجنے پر تحفظات ِ ذہنی کا اظہار کیا تھا۔ بی جے پی کے ریاستی صدر بی وائی وجیندر اور میسور کے رکن پارلیمنٹ وائی کرشنا دتہ چمامراج وڈیار نے مطالبہ کیا کہ دسہرہ تہوار کے افتتاح سے قبل بانو مشتاق‘ چامنڈیشوری دیوی کے تعلق سے اپنے موقف کی وضاحت کریں۔
بانو مشتاق کہہ چکی ہیں کہ ان کے ریمارکس کو مسخ کیا گیا ہے اور ان کی تقریر کے چنندہ حصے سوشل میڈیا پر زیرگشت ہیں۔ مخالفت کے لئے بی جے پی پرعذرلنگ کا الزام عائد کرتے ہوئے چیف منسٹر نے پھر کہا کہ میں واضح کررہا ہوں کہ سبھی برادریوں کے لوگ اس فیسٹیول میں حصہ لیتے ہیں۔
بانو مشتاق کو مدعو کرنے کا فیصلہ مناسب و موزوں ہے۔ بی جے پی کے اس سوال پر کہ بانو مشتاق کے ساتھ انٹرنیشنل بکر پرائز حاصل کرنے والی مترجم دیپا بھستی کو کیوں مدعو نہیں کیا گیا‘ چیف منسٹر نے جواب دیا کہ افتتاح 2 لوگ نہیں کرتے۔ جاریہ سال کی دسہرہ تقاریب 22 ستمبر کو شروع ہوں گی اور وجئے دشمی (2 اکتوبر) کو ختم ہوں گی۔