بی جے پی اور بی آر ایس میں انتخابی مفاہمت خارج از امکان: کشن ریڈی
مگر بی جے پی، کے سی آر اور تیسری میعاد کے درمیان سیسہ پلائی ہوئی دیوار کی طرح کھڑی ہے اور کے سی آر کے خوابوں کو خواب تک بھی محدود رکھے گی۔

حیدرآباد: مرکزی وزیر سیاحت جی کشن ریڈی نے بی جے پی اور بی آر ایس کے درمیان انتخابی مفاہمت کو خارج از امکان قرار دیا۔ آج یہاں صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ بی آر ایس کے دن پورے ہوچکے ہیں اور تلنگانہ میں بی جے پی ہی، بی آر ایس کی متبادل جماعت ہے۔
انہوں نے کہا کہ آج تک بی جے پی نے بی آر ایس سے دوستی نہیں کی اور نہ ہی مستقبل میں کرنے کا ارادہ رکھتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریاست کے عوام کو سوچنا چاہئے کہ سینکڑوں افراد کی قربانیوں کے بعد ثمرات صرف ایک ہی خاندان کو حاصل ہورہے ہیں۔
کے سی آر پر تلنگانہ جذبات کا استحصال کرنے اور عوامی سرمایہ کو لوٹنے کا الزام لگاتے ہوئے مرکزی وزیر نے کہا کہ اسی لوٹی ہوئی دولت کے بل بوتے پر کے سی آر پھر ایک بار انتخابات میں کامیابی حاصل کرنا چاہتے ہیں۔
مگر بی جے پی، کے سی آر اور تیسری میعاد کے درمیان سیسہ پلائی ہوئی دیوار کی طرح کھڑی ہے اور کے سی آر کے خوابوں کو خواب تک بھی محدود رکھے گی۔