انگلینڈ نے ہندوستان کو 358 رن پر سمیٹ کر کیا مضبوط آغاز
اس سے قبل رشبھ پنت نے زخمی ہونے کے باوجود نصف سنچری بنائی لیکن دوسرے سیشن میں ہندوستان کی پہلی اننگز 358 رنز پر سمٹ گئی۔ انگلینڈ کے کپتان بین اسٹوکس نے شاندار بالنگ کرتے ہوئے 72 رنز کے عوض پانچ وکٹ حاصل کئے اور جوفرا آرچر نے 73 رنز کے عوض تین وکٹ لئے۔
مانچسٹر: انگلینڈ نے چوتھے ٹیسٹ کے دوسرے دن جمعرات کو ہندوستان کو 358 رنز پر سمیٹنے کے بعد زبردست جوابی حملہ کیا اور دن کا کھیل ختم ہونے تک دو وکٹوں کے نقصان پر 225 رنز بنا لئے۔ انگلینڈ ا بھی ہندوستان کے اسکور سے 133 رنز پیچھے ہے۔
اس سے قبل رشبھ پنت نے زخمی ہونے کے باوجود نصف سنچری بنائی لیکن دوسرے سیشن میں ہندوستان کی پہلی اننگز 358 رنز پر سمٹ گئی۔ انگلینڈ کے کپتان بین اسٹوکس نے شاندار بالنگ کرتے ہوئے 72 رنز کے عوض پانچ وکٹ حاصل کئے اور جوفرا آرچر نے 73 رنز کے عوض تین وکٹ لئے۔
انگلینڈ کی جارحانہ بیٹنگ کو دیکھتے ہوئے اب سوال یہ پوچھا جا رہا ہے کہ کیا پچ نے اپنا مزاج بدل لیا ہے؟ کیا بیٹنگ آسان ہو گئی ہے یا بالنگ ناقص ہو گئی ہے۔ شاید ان دونوں سوالوں کا جواب موسم پر منحصر ہے۔
جب تک ہندوستان بیٹنگ کرتا رہا بادلوں نے بالروں کا بہت ساتھ دیا لیکن جیسے ہی انگلینڈ بیٹنگ کے لیے آیا تو بادل چھٹ گئے اور سورج نکل آیا۔ لیکن اس کا مطلب یہ نہیں کہ ہندوستانی گیند بازوں کی کوئی غلطی ہی نہیں ہے۔ جب گیند سوئنگ یا سیمنگ نہیں کر رہی تھی تو ہندوستانی تیز گیند باز بہتر لائن اور لینتھ کے ساتھ گیند بازی کر سکتے تھے، تاکہ رنز کو روکا جا سکے۔
انگلینڈ کی جانب سے جیک کرولی نے 84 اور بین ڈکٹ نے 94 رنز بنائے اور پہلی وکٹ کے لیے 166 رنز جوڑے۔ بدقسمتی سے دونوں سنچری کے قریب پہنچنے کے بعد آؤٹ ہو گئے۔ کرولی کو رویندر جڈیجہ نے اور ڈکٹ کو انشول کمبوج نے آؤٹ کیا۔ کرولی نے 113 گیندوں میں 13 چوکے اور ایک چھکا لگایا جبکہ ڈکٹ نے 100 گیندوں میں 13 چوکے لگائے۔ اسٹمپ کے وقت اولی پوپ 20 اور جو روٹ 11 رنز پر ناٹ آؤٹ تھے۔
اس سے قبل ہندوستان نے دوسرے دن واشنگٹن سندر، شاردل ٹھاکر، اور رشبھ پنت کے حوصلے کی بدولت 350 سے زائد کا اسکور بنایا۔ اس سیریز میں ہندوستان کا یہ چھٹا 350 سے زائد کا اسکور ہے، جو کہ ایک سیریز میں ٹیم انڈیا کی طرف سے سب سے زیادہ ہے۔ انگلینڈ کی طرف سے سب سے کامیاب گیند باز ان کے کپتان بین اسٹوکس رہے، جنہوں نے پانچ وکٹ حاصل کئے۔
ہندوستان نے کل کے چار وکٹوں پر 264 رنز سے آگے کھیلنا شروع کیا۔ رویندر جڈیجہ اپنے کھاتے میں ایک رن جوڑ کر 20 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے۔ ہندوستان نے شاردل ٹھاکر (41) ، رشبھ پنت (39 ناٹ آؤٹ)، اور واشنگٹن سندر (20 ناٹ آؤٹ) کی جدوجہد بھری اننگز کی بدولت لنچ تک چھ وکٹوں پر 321 رنز بنا لیے تھے۔
آج صبح کے سیشن میں ہندوستان نے کل کے اسکور میں صرف دو رنز جوڑے تھے کہ انگلینڈ نے نئی گیند جوفرا آرچر کو تھمائی، اور انہوں نے رویندر جڈیجہ کو اپنا شکار بنا لیا۔ رویندر جڈیجہ نے 40 گیندوں پر تین چوکوں کی مدد سے 20 رنز بنائے۔
ہندوستان کا دن کا دوسرا وکٹ شاردل ٹھاکر کے طور پر گرا۔ انہیں بین اسٹوکس نے گلی میں کھڑے بین ڈکٹ کے ہاتھوں کیچ آؤٹ کروایا۔ شاردل ٹھاکر نے 88 گیندوں پر پانچ چوکوں کی مدد سے 41 رنز کی اننگز کھیلی۔ شاردل ٹھاکر کے آؤٹ ہونے کے بعد زخمی رشبھ پنت ایک بار پھر میدان میں تھے۔
پنت نے لنچ کے بعد اپنی نصف سنچری مکمل کی۔ واشنگٹن سندر 90 گیندوں پر 27 رنز بنا کر اسٹوکس کا شکار بنے۔ ڈیبیو میچ کھیل رہے انشل کمبوج کو اسٹوکس نے کھاتہ کھولنے کا موقع بھی نہیں دیا۔
آرچر نے پنت اور بمراہ کے وکٹ لے کر ہندوستان کی اننگز 358 رنز پر سمیٹ دی۔ پنت نے 75 گیندوں پر 54 رنز کی اننگز میں تین چوکے اور دو چھکے لگائے۔