کھیل

فیفا ورلڈ کپ: مراکش کو آخر کار شکست کا سامنا، فرانس فائنل میں داخل

قطر کے البیت اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں فرانس نے مقابلہ کے آغاز میں ہی ایک گول داغ کر اپنی برتری ثابت کردی جبکہ مراکش کی مضبوط دفاعی لائن دیکھتی ہی رہ گئی۔

دوحہ: فیفا ورلڈ کپ کے دوسرے سیمی فائنل میں فرانس نے مراکش کو صفر کے مقابلے دو گول سے شکست دے کر فائنل میں رسائی حاصل کرلی۔

قطر کے البیت اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں فرانس نے مقابلہ کے آغاز میں ہی ایک گول داغ کر اپنی برتری ثابت کردی جبکہ مراکش کی مضبوط دفاعی لائن دیکھتی ہی رہ گئی۔

فرانس کے ہرنانڈیز نے پانچویں منٹ میں اپنی ٹیم کے لئے گول بنایا۔

اس کے بعد پہلے ہاف کے اختتام تک دونوں طرف سے کوئی بھی گول نہیں کیا گیا جبکہ مراکش کی جانب سے گول بنانے کی کئی بار کوشش کی گئی۔

دوسرے ہاف کا کھیل شروع ہوا تو مراکش نے گول بنانے کی کوششیں شروع کردیں۔ گیند پر زیادہ تر قبضہ مراکش کا ہی رہا اس کے باوجود اس کے کھلاڑی اپنی کوششوں کو کامیابی سے ہمکنار کرنے میں ناکام رہے۔

دوسری طرف فرانس نے لوگوں کو حیران کرنے کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے 79 ویں منٹ میں ایک اور گول داغ دیا۔ فرانسیسی کھلاڑی رندال کولو موانی نے امباپے کے پاس پر یہ گول بنایا۔

اس کے بعد میچ میں مراکش کا جیسے چیلنج ہی ختم ہوگیا تاہم اس نے متواتر اپنی کوششیں جاری رکھیں، دو چار مرتبہ فرانس کے گول پوسٹ پر حملے بھی کئے مگر گول کرنے میں ناکام رہے۔

اس طرح فرانس نے یہ میچ صفر کے مقابلے 2 گول سے جیت کر فائنل میں رسائی حاصل کرلی جہاں اس کا مقابلہ ارجنٹائن سے ہوگا۔

فائنل میچ اتوار کو ہندوستانی وقت کے مطابق رات ساڑھے آٹھ بجے کھیلا جائے گا۔ لوسیل اسٹیڈیم میں فائنل مقابلہ کھیلا جائے گا۔