چندرابابو کی صحت پر اظہار تشویش۔جیل میں بہتر علاج کیلئے خصوصی میڈیکل ٹیم ضروری
صدرتلنگانہ تلگودیشم کاسانی گیانیشور نے آندھراپردیش کے سابق وزیراعلی وتلگودیشم سربراہ این چندرابابونائیڈو کی صحت کے بارے میں فکروتشویش کا اظہار کیا۔

حیدرآباد: صدرتلنگانہ تلگودیشم کاسانی گیانیشور نے آندھراپردیش کے سابق وزیراعلی وتلگودیشم سربراہ این چندرابابونائیڈو کی صحت کے بارے میں فکروتشویش کا اظہار کیا۔
کاسانی گیانیشور نے جو حیدرآباد میں پارٹی کے ہیڈکوارٹرس این ٹی آر بھون میں میڈیا سے بات کررہے تھے نے کہا کہ وزیراعلی وائی ایس جگن موہن ریڈی کی ایماپر سی آئی ڈی نے چندرابابونائیڈو کو اے پی اسکل ڈیولپمنٹ کارپوریشن اسکام کیس میں جھوٹے طور پر پھنسادیا ہے۔
ان کو گرفتاری کے بعد 34 دن سے راجمندری جیل میں چھوٹے سے کمرہ میں قید رکھا گیا ہے۔ جہاں پر صفائی نہیں ہے، کیڑے ہیں، اے سی نہیں ہے۔ پنکھا ہے جو صحیح کام نہیں کررہا ہے۔ انہیں اس عمر میں ٹھنڈے پانی سے نہانا پڑ رہا ہے۔
صاف پینے کا پانی نہ دیئے جانے، کمرہ میں غیر صحت مند حالات کی وجہہ سے چندرابابونائیڈو کی صحت خراب ہوگئی ہے۔ ان کا وزن 5 کیلو کم ہوگیا ہے اور جلد کا مرض لاحق ہوگیا ہے۔
کاسانی گیانیشور نے مطالبہ کیا کہ چندرابابونائیڈو کو جیل میں وی آئی پی سہولتیں فراہم کی جائیں اور خصوصی میڈیکل ٹیم کو مقرر کرتے ہوئے ان کا بہتر علاج کیا جائے۔
صدر تلنگانہ، تلگودیشم نے بتایا کہ وہ کل راجمندری گئے تھے جہاں پر انہوں نے تلگودیشم سربراہ کی شریک حیات نارابھوبنیشوری سے ملاقات کی۔ وہ چندرابابونائیڈو کی مزاج پرسی کیلئے راجمندری گئے تھے اور ان کی تلنگانہ اسمبلی انتخابات کے تعلق سے کوئی گفتگو نہیں ہوئی۔ انتخابات میں ابھی بہت دن باقی ہیں۔
وہ آئندہ پیر کو پھر راجمندری جارہے ہیں اور چندرابابونائیڈو سے جیل میں ملاقات کرتے ہوئے انتخابات کے بارے مشاورت کریں گے۔ انہوں نے ایک سوال کے جواب میں بتایا کہ تلگودیشم تلنگانہ انتخابات میں تنہا مقابلہ کرے گی۔ بی جے پی کے ساتھ انتخابی اتحاد کے بارے میں ابھی وہ کچھ بھی نہیں کہہ سکتے۔
آرگنائزنگ سکریٹری تلنگانہ تلگودیشم رویندرچاری، صدر اقلیتی سیل تلنگانہ تلگودیشم حبیب محمد العیدروس اور دیگر تلگودیشم لیڈران سائی بابا، ایم گوپال اور اجونائک بھی اس موقع پر موجود تھے۔