امریکہ و کینیڈا

ایمرجنسی کے دوران باپ نے بچے سے پہلے بیگ سنبھالا، سوشل میڈیا پر شدید تنقید کا نشانہ

طیارہ ابھی پرواز کے لئے تیار ہی ہو رہا تھا کہ اس میں تکنیکی خرابی سامنے آئی، جس کے بعد تمام 173 مسافروں اور 6 عملے کے ارکان کو فوری طور پر ایمرجنسی سلائیڈس کے ذریعہ باہر نکالا گیا۔

ڈینور (امریکہ) — امریکہ کے ڈینور ایرپورٹ پر اس وقت سنسنی پھیل گئی جب میامی جانے والی فلائٹ AA3023 ایک ہنگامی صورتحال کا شکار ہوگئی۔ یہ طیارہ، جو Boeing 737 MAX 8 ماڈل کا تھا، رن وے پر ہی لینڈنگ گیئر میں خرابی کے باعث آگ کی لپیٹ میں آگیا۔

طیارہ ابھی پرواز کے لئے تیار ہی ہو رہا تھا کہ اس میں تکنیکی خرابی سامنے آئی، جس کے بعد تمام 173 مسافروں اور 6 عملے کے ارکان کو فوری طور پر ایمرجنسی سلائیڈس کے ذریعہ باہر نکالا گیا۔

اس واقعہ کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہی ہے، جس میں ایک شخص اپنے بچے کے ساتھ ایمرجنسی سلائیڈ سے نیچے آتا دکھائی دیتا ہے لیکن حیرت انگیز طور پر اس نے ایک ہاتھ میں بڑا اور بھاری بیگ بھی پکڑا ہوا ہے۔ نیچے آتے وقت بیگ کا وزن اتنا زیادہ تھا کہ وہ شخص توازن کھو بیٹھا اور اپنی پیٹھ کے بل زمین پر گر پڑا۔ خوش قسمتی سے بچہ زخمی ہونے سے بچ گیا، لیکن اس منظر نے ناظرین کو حیرت زدہ کردیا۔

ویڈیو سامنے آتے ہی صارفین نے والد کے اس رویہ کو غیر ذمہ دارانہ اور خطرناک قرار دیا۔ ایک صارف نے لکھا:
"براہِ کرم ایسے والد نہ بنیں، سب سے پہلے بچے کی جان ہے، بیگ بعد میں بھی خریدا جا سکتا ہے۔”

ایک اور صارف نے سخت لہجے میں کہا:
"اگر کوئی ایمرجنسی میں بیگ سنبھالنے کی کوشش کرے گا تو دھکم پیل اور ہاتھا پائی طئے ہے۔”

جبکہ تیسرے صارف نے سوال اٹھایا:
"کیا لوگ پرواز سے پہلے دی جانے والی حفاظتی ہدایات کو بالکل بھی نہیں سنتے؟”