فرٹیلائزر بکنگ ایپ اب پوری ریاست میں نافذ، یوریا کے لئے قطاروں سے نجات ملے گی
اس اقدام کا بنیادی مقصد کسانوں کو یوریا کی قلت سے بچانا اور انہیں کھاد کی دکانوں پر طویل قطاروں میں کھڑا ہونے کی زحمت سے نجات دلانا ہے۔ اس ایپ کے ذریعہ کسان گھر بیٹھے اپنے موبائل فون سے یوریا کی بکنگ کر سکیں گے جس سے نہ صرف ان کا قیمتی وقت بچے گا بلکہ کھاد کی دستیابی میں شفافیت بھی آئے گی۔
حیدرآباد: تلنگانہ حکومت نے کسانوں کو یوریا کے حصول میں ہونے والی دشواریوں سے بچانے کے لئے ایک بڑا فیصلہ کیا ہے جس کے تحت اب فرٹیلائزر بکنگ ایپ کی خدمات کو پوری ریاست میں وسعت دی جا رہی ہے۔
ریاستی وزیر زراعت ناگیشور راؤ نے حال ہی میں اعلان کیا کہ پہلے مرحلہ میں پانچ اضلاع میں تجرباتی طور پر شروع کی گئی یہ ایپ اب آئندہ ربیع کے سیزن سے ریاست بھر کے تمام کسانوں کے لئے دستیاب ہوگی۔
اس اقدام کا بنیادی مقصد کسانوں کو یوریا کی قلت سے بچانا اور انہیں کھاد کی دکانوں پر طویل قطاروں میں کھڑا ہونے کی زحمت سے نجات دلانا ہے۔ اس ایپ کے ذریعہ کسان گھر بیٹھے اپنے موبائل فون سے یوریا کی بکنگ کر سکیں گے جس سے نہ صرف ان کا قیمتی وقت بچے گا بلکہ کھاد کی دستیابی میں شفافیت بھی آئے گی۔
اس ڈیجیٹل سسٹم کے تحت کسان اپنے قریبی ڈیلرس کے پاس موجود یوریا کے اسٹاک کی تفصیلات معلوم کر سکتے ہیں اور اپنی پسند کے ڈیلر کا انتخاب کر کے پیشگی بکنگ کروا سکتے ہیں۔ بکنگ کے بعد کسان اپنی ضرورت کے مطابق براہ راست ڈیلر کے پاس جا کر کھاد حاصل کر سکیں گے جس سے دکانوں پر انتظار کی ضرورت ختم ہو جائے گی۔
وزیر زراعت نے واضح کیا کہ اس نظام سے یوریا کی بلیک مارکٹنگ اور زائد قیمتوں پر فروخت جیسے مسائل پر قابو پانے میں مدد ملے گی کیونکہ کسانوں کو ان کی فصل کی ضرورت کے مطابق ہی یوریا فراہم کیا جائے گا۔