حیدرآباد

خیریت آباد جی ایچ ایم سی زونل آفس میں آتشزدگی، اہم دستاویزات جلنے کا خدشہ

شہر کے خیریت آباد علاقے میں واقع گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن (جی ایچ ایم سی) کے زونل آفس میں جمعہ کی صبح آگ لگنے کا واقعہ پیش آیا، جس کے نتیجے میں اہم سرکاری دستاویزات کے جل کر خاکستر ہونے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔

حیدرآباد: شہر کے خیریت آباد علاقے میں واقع گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن (جی ایچ ایم سی) کے زونل آفس میں جمعہ کی صبح آگ لگنے کا واقعہ پیش آیا، جس کے نتیجے میں اہم سرکاری دستاویزات کے جل کر خاکستر ہونے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔

اطلاع کے مطابق فائر بریگیڈ کو صبح تقریباً 6:30 بجے آگ لگنے کی اطلاع موصول ہوئی، جس کے بعد عملہ فوری طور پر جائے وقوع پر پہنچا اور کافی کوششوں کے بعد آگ پر قابو پالیا۔

زونل آفس ہونے کے باعث یہاں مختلف اہم سرکاری ریکارڈ، جائیداد سے متعلق دستاویزات اور دیگر دفتری فائلیں موجود تھیں۔ خدشہ ہے کہ ان میں سے بعض دستاویزات آگ کی زد میں آکر تباہ ہو گئی ہوں گی۔ تاہم نقصانات کی مکمل تفصیلات ابھی سامنے نہیں آئی ہیں۔

آتشزدگی کے باعث دفتر میں موجود فرنیچر، الیکٹرانک آلات اور دیگر سامان کو بھی نقصان پہنچنے کا امکان ہے۔ متعلقہ حکام کی جانب سے عمارت اور ریکارڈ کا جائزہ لینے کے بعد ہی نقصان کی اصل صورتحال واضح ہو سکے گی۔

آگ لگنے کی وجوہات تاحال معلوم نہیں ہو سکی ہیں۔ حکام کی جانب سے واقعے کی تحقیقات کے بعد ہی آتشزدگی کی اصل وجہ کا پتہ چل سکے گا۔