ابو ظہبی میں ایرانی میزائل حملے کے نتیجے میں پانچ ہندوستانی شہری زخمی
بیلسٹک میزائل کو کامیابی سے فضا میں ہی تباہ کر دیا گیا تھا، تاہم اس کا ملبہ گرنے سے تین مقامات پر آگ بھڑک اٹھی
ابو ظہبی : متحدہ عرب امارات کے دارالحکومت ابو ظہبی پر ہفتے کی علی الصبح ہونے والے ایرانی بیلسٹک میزائل حملے کا ملبہ گرنے سے پانچ ہندوستانی اور ایک پاکستانی شہری زخمی ہو گئے۔ ابو ظہبی انتظامیہ نے اس واقعے کی تصدیق کر دی ہے۔
ابو ظہبی میڈیا آفس کے مطابق، خلیفہ اکنامک زونز ابو ظہبی (کے ای زیڈ اے ڈی) کے گرد و نواح میں پیش آنے والے اس واقعے کے جائزے کے بعد یہ بات سامنے آئی ہے کہ پانچ ہندوستانی شہریوں کو معمولی چوٹیں آئی ہیں۔
دفتر نے مزید بتایا کہ فضائی دفاعی نظام (ایئر ڈیفنس سسٹم) کے ذریعے بیلسٹک میزائل کو کامیابی سے فضا میں ہی تباہ کر دیا گیا تھا، تاہم اس کا ملبہ گرنے سے تین مقامات پر آگ بھڑک اٹھی۔ اس حادثے میں ایک پاکستانی شہری بھی زخمی ہوا ہے، جس کے بعد زخمیوں کی مجموعی تعداد چھ ہو گئی ہے۔
ابو ظہبی میڈیا آفس کا کہنا ہے کہ تمام زخمیوں کی حالت خطرے سے باہر ہے اور انہیں معمولی نوعیت کے زخم آئے ہیں۔ واقعے کے فوراً بعد لگنے والی آگ پر قابو پا لیا گیا ہے۔