تلنگانہ

دہلی میں آئی اے ایس کوچنگ سنٹر میں سیلاب، مہلوکین میں منچریال کی تانیہ بھی شامل

سری رام پور میں زیر زمین کان ایس آر پی۔Iکے منیجر وجئے کمار کی دختر 21سالہ تانیہ سونی، اُن تین سیول سرویسس امیدواروں میں شامل ہیں جو کوچنگ سنٹر عمارت کے سیلر میں جمع بارش کے پانی میں غرق ہوگئیں۔

منچریال: ضلع منچریال کی ایک سیول سرویسس خاتون امیدوار اُن تین افراد میں شامل ہے جو نئی دہلی میں ہفتہ کے روز آئی اے ایس کوچنگ سنٹر عمارت کے سیلر(بے سمنٹ) میں سیلابی پانی میں غرقاب ہوگئے۔

ذرائع نے بتایا کہ ضلع کے سری رام پور میں زیر زمین کان ایس آر پی۔Iکے منیجر وجئے کمار کی دختر 21سالہ تانیہ سونی، اُن تین سیول سرویسس  امیدواروں میں شامل ہیں جو کوچنگ سنٹر عمارت کے سیلر میں جمع بارش کے پانی میں غرق ہوگئیں۔

 وجئے کمار کا تعلق بہار سے بتایا گیا ہے۔ آئی اے ایس آفیسر بننے کا خواب اپنی آنکھوں میں سجائے تانیہ سونی، ایک سال قبل دہلی کے اس کوچنگ سنٹر میں داخلہ لے چکی تھیں۔ سونی کے والدین جو اپنی بیٹی کو کالج میں داخلہ دلانے ناگپور میں تھے، فوری دہلی روانہ ہوگئے تاکہ اپنی بیٹی کی لاش منچریال لایا جاسکے۔

این ڈی آر ایف، مقامی پولیس اور محکمہ فائر نے مشترکہ ریسکیو آپریشن کے دوران سونی کی لاش برآمد کی۔ نئی دہلی کے بڑا بازار مارگ پر واقع راؤ آئی اے ایس اسٹیڈی سرکل کی عمارت کے سیلر میں ہفتہ کے روز7بجے شام یہ تین امیدوار، سیلابی پانی میں پھنس گئے تھے۔

ملک کے صدر مقام میں شدید بارش کے سبب کوچنگ سنٹر کی عمارت کے سیلر میں پانی داخل ہوگیا۔ ایک وقت میں اس سیلر میں 12فیٹ پانی بھر چکا تھا۔ ان حالات میں ان امیدواروں کاباہر نکلنا مشکل تھا۔ رپورٹس میں یہ بات بتائی گئی۔

a3w
a3w