دہلی
ٹرینڈنگ

غزہ کے حق میں سابق آئی آئی ٹی پروفیسر کی بھوک ہڑتال، پولیس کا سخت و متعصبانہ رویہ (ویڈیو)

ریٹائرڈ آئی آئی ٹی دہلی کے پروفیسر وی کے تریپاٹھی، جو غزہ کے عوام کے حق میں خاموش احتجاج اور روزہ بھوک ہڑتال رکھتے ہوئے راج گھاٹ پہنچے تھے، کو پولیس نے روک دیا اور مبینہ طور پر ان کے ساتھ سخت برتاؤ کیا۔ یہ انکشاف ان کی بیٹی رادھی تریپاٹھی نے سوشیل میڈیا پر کیا ہے۔

نئی دہلی: 77 سالہ ریٹائرڈ آئی آئی ٹی دہلی کے پروفیسر وی کے تریپاٹھی، جو غزہ کے عوام کے حق میں خاموش احتجاج اور روزہ بھوک ہڑتال رکھتے ہوئے راج گھاٹ پہنچے تھے، کو پولیس نے روک دیا اور مبینہ طور پر ان کے ساتھ سخت برتاؤ کیا۔ یہ انکشاف ان کی بیٹی رادھی تریپاٹھی نے سوشیل میڈیا پر کیا ہے۔

پروفیسر تریپاٹھی نے یومِ آزادی کے موقع پر ایک روزہ بھوک ہڑتال رکھتے ہوئے، پمفلٹ تقسیم کر کے عام لوگوں کو غزہ میں جاری انسانی المیہ پر سوچنے کی اپیل کی۔ شام چھ بجے کے قریب پولیس اہلکار وہاں پہنچے اور ان سے سخت لہجہ میں بات کی۔ ان کی بیٹی نے ایک پوسٹ میں لکھا:

"دل ٹوٹ گیا۔ میرے والد پروفیسر وی کے تریپاٹھی نے غزہ کے لئے راج گھاٹ پر ایک روزہ بھوک ہڑتال کی اور پمفلٹ تقسیم کئے۔ شام کو اچانک کئی پولیس والے آئے اور ایسے غصہ اور نفرت کے ساتھ چیخنے لگے جیسے ہم فساد کرنے آئے ہوں۔ یہ ہماری پولیس ہے، یقین نہیں آ رہا۔ اتنی نفرت اور تعصب!”

یومِ آزادی سے قبل انہوں نے عوام سے اپیل کی تھی:
"گاندھی کی سرزمین سے اس آزادی کے دن، آئیے اپنی آزادی کو بامعنی بنائیں۔ غزہ میں بھوک و افلاس کے خلاف عدم تشدد کے ساتھ احتجاج کریں، دستخطی مہم میں شامل ہوں اور دنیا کو بتائیں کہ ہندوستانی انسانیت کے ساتھ ہیں۔”

ان کی بیٹی نے 10 اگست کو پوسٹ کیا تھا:
"پاپا، پروفیسر وی کے تریپاٹھی صبح 10 بجے غزہ کے حق میں پمفلٹ لے کر نکلے۔ وہ دن بھر سڑکوں پر رہیں گے اور 15 اگست کو بھوک ہڑتال کریں گے۔ براہ کرم اس دستخطی مہم کو آگے بڑھائیں۔”

8 اگست کو ایک اور پوسٹ میں انہوں نے اپنے والد کے الفاظ نقل کئے:
"’ہندوستان ابھی زندہ ہے‘۔ میرے والد پروفیسر وی کے تریپاٹھی نے پورا دن سڑکوں پر پمفلٹ بانٹے۔ وہ خوش ہیں کہ بیشتر دلوں میں غزہ کے لئے دکھ ہے، یہ اس بات کا ثبوت ہے کہ انسانیت ابھی باقی ہے۔”

سی اے اے مخالف احتجاج ہو یا بابری مسجد انہدام کے بعد کے حالات، انہوں نے ہمیشہ تنہا مہم چلائی، پمفلٹ بانٹے، لوگوں سے بات کی اور اپنی سرگرمی کو ایک تعلیمی مشن کے طور پر پیش کیا۔

راج گھاٹ کا تازہ واقعہ اگرچہ ان کے لئے مایوس کن رہا، لیکن ان کی جدوجہد کمزور نہیں ہوئی۔ وہ آج بھی غزہ کے عوام کے لیے عدم تشدد اور گاندھیائی راستے پر آواز بلند کر رہے ہیں۔