سابق ہندوستانی سفیر جاوید اشرف کو فرانس کا اعلیٰ ترین سول اعزاز "لیجن آف آنر” سے نوازا گیا
جاوید اشرف نے 1991 میں انڈین فارن سروس میں شمولیت اختیار کی تھی اور 2024 میں ریٹائرمنٹ کے بعد انہیں انڈین ٹریڈ پروموشن آرگنائزیشن کا چیئرمین مقرر کیا گیا۔
نئی دہلی: ہندوستان کے سابق سفیر برائے فرانس جاوید اشرف کو فرانس کی جانب سے ملک کے اعلیٰ ترین سول اعزازات میں شامل "کمانڈر دے لا لیجن ڈی آنر” سے نوازا گیا ہے۔ یہ اعزاز انہیں بھارت اور فرانس کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو مضبوط بنانے میں نمایاں خدمات کے اعتراف میں دیا گیا۔
یہ اعزاز چہارشنبہ کے روز نئی دہلی میں فرانسیسی سفارت خانے میں منعقدہ ایک باوقار تقریب کے دوران تھیری ماتو نے پیش کیا۔ جاوید اشرف نے 2020 سے 2024 تک فرانس میں بطور سفیر خدمات انجام دیں اور اپنے دورِ سفارت میں دونوں ممالک کے تعلقات کو نئی بلندیوں تک پہنچانے میں اہم کردار ادا کیا۔
جاوید اشرف نے 1991 میں انڈین فارن سروس میں شمولیت اختیار کی تھی اور 2024 میں ریٹائرمنٹ کے بعد انہیں انڈین ٹریڈ پروموشن آرگنائزیشن کا چیئرمین مقرر کیا گیا۔
اس موقع پر فرانسیسی سفیر تھیری ماتو نے کہا کہ جاوید اشرف کا شاندار سفارتی کیریئر اور ان کی ذاتی کاوشیں بھارت اور فرانس کے درمیان تعلقات کو مزید مستحکم اور گہرا بنانے میں کلیدی حیثیت رکھتی ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ان کے دور میں کئی اہم کامیابیاں حاصل ہوئیں۔
اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے جاوید اشرف نے کہا کہ انہیں فرانسیسی جمہوریہ کی جانب سے اس اعزاز سے نوازا جانا باعثِ فخر ہے، اور یہ ان کے لیے خاص اعزاز ہے کہ وہ ان چند ممتاز بھارتی شخصیات کی صف میں شامل ہو رہے ہیں جنہیں اس سے قبل یہ اعزاز دیا جا چکا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ یہ اعزاز بھارت-فرانس تعلقات کی اہمیت کو ظاہر کرتا ہے، اور نریندر مودی اور ایمانوئل میکرون کی قیادت میں دونوں ممالک کے درمیان اسٹریٹجک شراکت داری میں نمایاں پیش رفت کی عکاسی کرتا ہے۔
اپنے دورِ سفارت کے دوران دونوں ممالک کے درمیان دفاعی اور اسٹریٹجک تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے لیے اہم اقدامات کیے گئے، جن میں بھارتی فضائیہ کے لیے 36 رافیل لڑاکا طیاروں کی خریداری بھی شامل ہے۔ اس کے علاوہ فوجی ساز و سامان کی مشترکہ تیاری اور ترقی کو بھی فروغ دیا گیا۔
واضح رہے کہ "لیجن آف آنر” کا قیام 1802 میں عمل میں آیا تھا، اور یہ فرانس کا ایک اعلیٰ ترین اعزاز ہے جس کے مختلف درجات ہوتے ہیں، جن میں کمانڈر بھی شامل ہے۔ جاوید اشرف اس اعزاز کو حاصل کرنے والے پہلے بھارتی سفارتکار بن گئے ہیں۔