کے ٹی آر کی گرفتاری کیلئے گورنر کی منظوری درکار: مہیش کمار گوڑ
مہیش کمار گوڑ نے مزید کہا کہ کوشک ریڈی نے غیر پارلیمانی زبان کا استعمال کیا، لیکن کے ٹی آر نے کبھی ایسی زبان استعمال نہیں کی۔ انہوں نے واضح کیا کہ کے ٹی آر کی گرفتاری کے لیے گورنر کی منظوری کی ضرورت ہے۔
حیدرآباد: ٹی پی سی سی صدر بی مہیش کمار گوڑ نے کہا کہ حضور آباد کے بی آر ایس رکن اسمبلی پی کوشک ریڈی کا معاملہ سرسلہ رکن اسمبلی کے ٹی راما راؤ سے مختلف ہے جو بی آر ایس کے کار گزار صدر بھی ہیں اور اس لیے پولیس نے کوشک ریڈی کو گرفتار کیا نہ کہ کے ٹی آر کو۔
انہوں نے مزید کہا کہ کوشک ریڈی نے غیر پارلیمانی زبان کا استعمال کیا، لیکن کے ٹی آر نے کبھی ایسی زبان استعمال نہیں کی۔ انہوں نے واضح کیا کہ کے ٹی آر کی گرفتاری کے لیے گورنر کی منظوری کی ضرورت ہے۔
مجھے نہیں معلوم کہ گورنر کے ٹی آر کی گرفتاری کی منظوری کیوں نہیں دے رہے ہیں۔ بی جے پی لیڈروں کو اس کی وجوہات جاننی چاہئے ٹی پی سی سی سربراہ نے کہا کہ بی آر ایس لیڈروں نے لوگوں کو خوب لوٹا تھا اس لئے ان کے دوبارہ اقتدار میں آنے کا امکان نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ درست ہے کہ کانگریس نے اسمبلی انتخابات کے دوران مہم چلائی تھی کہ وہ بی آر ایس کے قصوروار لیڈروں کو گرفتار کرے گی اور اقتدار میں آنے کے بعد ان سے لوٹی ہوئی رقم واپس لے گی تاہم قانون اپنا کام کریگا۔
انہوں نے کہا کہ کالیشورم اسکام کی تحقیقات جاری ہیں اور بجلی کی خریداری کے سودوں کی جانچ کرنے والے کمیشن نے اپنی رپورٹ پیش کردی ہے۔ حکومت نے ثابت کیا کہ کے ٹی آر فارمولا ای کار ریسنگ اسکام میں ملوث تھے اور اس لیے کے ٹی آر بار بار کہہ رہے ہیں کہ وہ جیل جانے تیار ہیں۔
انہوں نے کہا کہ انکوائری کمیشن کی رپورٹ آنے کے بعد کارروائی کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ بی آر ایس قائدین کاسٹ سروے کے شمار کنندوں کو اس خوف سے اپنی تفصیلات نہیں بتا رہے ہیں کہ کہیں ان کے اثاثوں کی تفصیلات سامنے آئیں گی۔ مہیش کمار گوڈ نے کہا کہ بلدیاتی انتخابات کے دوران ”سلیکٹ اینڈ الیکٹ“ کی بنیاد پر پارٹی امیدواروں کا انتخاب کیا جائے گا اور سفارشات کی کوئی گنجائش نہیں رہیگی۔
انہوں نے کہا کہ کانگریس کا مقصد بلدیاتی انتخابات میں 80 فیصد سیٹوں پر کامیابی حاصل کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کابینہ کی توسیع اے آئی سی سی اور چیف منسٹر کے ہاتھ میں ہے اور امید ظاہر کی کہ جلد ہی کابینہ میں توسیع کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ اگر ہائی کمان ان سے کہے گی تو وہ کابینہ میں توسیع کی ضرورت کی وضاحت کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ وہ کابینہ میں عہدہ نہیں چاہتے کیونکہ وہ ٹی پی سی سی صدر کے عہدے سے خوش ہیں اور پارٹی پالیسی بھی ایک لیڈر ایک عہدہ ہے۔ مہیش کمار گوڑ نے کہا کہ بی آر ایس کے بہت سے ایم ایل اے کانگریس کے رابطہ میں ہیں اور وہ مناسب وقت پر کانگریس میں شامل ہو جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ صرف کے سی آر، کے ٹی آر اور ہریش راؤ ہی بی آر ایس میں باقی رہیں گے۔