میگاڈی ایس سی منعقد کرنے حکومت کا منصوبہ، 9800 اساتذہ مخلوعہ کی جائیدادوں پر تقررات کا امکان
کانگریس حکومت کی جانب سے اپنے انتخابی وعدے کی تکمیل کے لئے میگا ڈی ایس سی (ٹیچرس ریکروٹمنٹ ٹسٹ) منعقد کرانے کا منصوبہ ہے۔

حیدرآباد: کانگریس حکومت کی جانب سے اپنے انتخابی وعدے کی تکمیل کے لئے میگا ڈی ایس سی (ٹیچرس ریکروٹمنٹ ٹسٹ) منعقد کرانے کا منصوبہ ہے۔
میگاڈی ایس سی کے ذریعہ 9800 اساتذہ مخلوعہ عہدوں پر تقررات کئے جائیں گے۔ واضح رہے کہ تین ماہ قبل بی آر ایس دور حکومت میں 5089 اساتذہ کے مخلوعہ عہدوں پر تقررات کے لئے اعلامیہ جاری کیا گیا تھا۔
اس وقت بے روزگار افراد کی جانب سے بڑی تعداد میں عہدے مخلوعہ ہونے کے باوجود کم جائیدادوں پر تقررات کے لئے اعلامیہ کی اجرائی پر احتجاج کیا گیا تھا۔ اس دوران کانگریس نے وعدہ کیا تھا کہ اقتدار میں آنے کے بعد میگا ڈی ایس سی منعقد کیا جائے گا۔
توقع کی جارہی ہے کہ حکومت آئندہ 6 مہینوں کے دوران میگا ڈی ایس سی امتحان منعقد کرے گی۔ ریاست میں سرکاری اسکولس میں 9370 عہدے مخلوعہ ہیں جن کو ڈائرکٹر ریکروٹمنٹ کے ذریعہ بھرتی کیا جانا ہے۔ جبکہ صرف 5089 عہدوں پر تقررات کے لئے ہی اعلامیہ جاری کیا گیا تھا۔
4281 عہدے پر تقررات کو روکے رکھا گیا۔ یہاں اس بات کا تذکرہ ضروری ہے کہ ریاست میں اساتذہ کے جملہ منظورہ عہدوں کی تعداد 1,22,386ہے جن میں 1,03,343 اساتذہ برسر خدمت ہیں جس کا مطلب ہے 19,043 عہدے مخلوعہ ہے جن میں 70 فیصد عہدے اسکول اسسٹنٹس اور ماباقی ہیڈ ماسٹرس کے ہیں‘ جن کو ترقی کے ذریعہ پر کیا جانا ہے۔
گزشتہ مرتبہ اعلامیہ کی اجرائی کے وقت 1947 گزیٹیڈ ہیڈ ماسٹرس‘ 2162 پرائمری ہیڈ ماسٹرس کو ترقی کے ذریعہ اور مزید 5870 اسکول اسسٹنٹ کے عہدوں جملہ 9979 عہدوں پر حکومت نے تقررات کا وعدہ کیا تھا۔ اگر ان مخلوعہ عہدوں کو جاری کردہ اعلامیہ کے عہدوں کی تعداد میں جمع کیا جاتا ہے تو یہ تعداد 15,068 ہوجائے گی۔
اس کا مطلب ہے کہ سابق حکومت نے 3975 عہدوں کو مخلوعہ ہی رہنے دیا۔ دوسری طرف محکمہ تعلیمات کی جانب سے پیش کئے گئے اعدادو شمار 9370 کے ساتھ ساتھ گزشتہ اکتوبر میں اسکول اسسٹنٹس کو بطور ہیڈ ماسٹر ترقی دیئے جانے سے مزید 450 عہدے مخلوعہ ہوگئے ہیں۔ اگر اس تعداد کو بھی شامل کرلیا جاتا ہے تو جملہ مخلوعہ جائیداوں کی تعداد 9820 ہوجائے گی۔