تعلیم و روزگار

مدھیہ پردیش میں اگلے سال سے یونانی کالجوں میں بھی ہندی میں تعلیم دی جائے گی

مدھیہ پردیش کے اعلیٰ تعلیم اور آیوش کے وزیر اندر سنگھ پرمار نے آج اسمبلی میں کہا کہ اگلے سال سے ریاست کے یونانی میڈیکل کالجوں میں بھی ہندی میں تعلیم دی جائے گی۔

بھوپال: مدھیہ پردیش کے اعلیٰ تعلیم اور آیوش کے وزیر اندر سنگھ پرمار نے آج اسمبلی میں کہا کہ اگلے سال سے ریاست کے یونانی میڈیکل کالجوں میں بھی ہندی میں تعلیم دی جائے گی۔

متعلقہ خبریں
آل انڈیا یونانی طبی کانگریس تلنگانہ اسٹیٹ کے 45 ویں سیمینار برائے یونانی میڈیسن کا کامیاب انعقاد

مسٹر پرمار نے بھارتیہ جنتا پارٹی کے سینئر ایم ایل اے سیتاسرن شرما کی توجہ طلب نوٹس پراپنا جواب دیتے ہوئے یہ معلومات دیں۔ انہوں نے کہا کہ اگلے سال سے یونانی کالجوں میں ہندی میں تعلیم دی جائے گی اور اس کے لیے اس وقت ہندی میں کتابیں تیار کی جارہی ہیں۔

اس کے علاوہ قومی تعلیمی پالیسی 2020 کے اعلیٰ تعلیم میں نفاذ کے لیے جس طرح ایک کمیٹی بنائی گئی ہے، اسی طرح کی کمیٹی یونانی اور آیوروید کے لیے بھی بنائی جا رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ان کالجوں میں نیٹ کا امتحان پاس کرنے والے طلباء آتے ہیں، جن کی پہلی ترجیح ایم بی بی ایس ہے، ایسے میں یونانی کورس ان کی آخری ترجیح ہوتی ہے۔ اس کے علاوہ معاشرے میں ایک عام خیال ہے کہ یونانی کی تعلیم اردو میں ہوتی ہے، اس لیے بھی ہندی والے اس کا انتخاب نہیں کرتے۔

اپنے جواب کے دوران وزیر مسٹرپرمار نے اعتراف کیا کہ پچھلے تین سال میں ریاست میں یونانی کالجوں میں درج فہرست ذات- قبائل (ایس سی-ایس ٹی) کے ایک بھی طالب علم نے داخلہ نہیں لیا۔

انہوں نے کہا کہ ایس سی-ایس ٹی اور دیگر پسماندہ طبقے (او بی سی) امیدواروں کے لیے کالجوں میں ریزرویشن کا انتظام ہے، ان میں سے او بی سی کوٹہ میں داخلہ لیا جاتا ہے، لیکن ایس سی-ایس ٹی نشستوں پر داخلہ نہیں ہوتا۔

مدھیہ پردیش میں ایم بی بی ایس کی تعلیم پہلے سے ہی ہندی میں ہو رہی ہے۔ مدھیہ پردیش ملک کی پہلی ریاست ہے جس نے یہ پہل کی ہے۔

a3w
a3w