بچوں کے سامنے ہوم گارڈ کا خاتون کے ساتھ ’مجرا‘ — ویڈیو وائرل ہونے کےبعد محکمہ نے فوراً ڈیوٹی سے ہٹا دیا
محکمے نے اپنے افسران اور عملے کو خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ پولیس کی وردی ڈانس کاسٹیوم نہیں ہے اور ایسے واقعات برداشت نہیں کیے جائیں گے۔
وشاکھاپٹنم : آندھرا پردیش میں پولیس محکمہ ایک مرتبہ پھر بحث کا موضوع بن گیا ہے، مگر اس بار وجہ کوئی بہادری کا کارنامہ نہیں بلکہ ایک ہوم گارڈ کی ڈانسر بننے کی خواہش ہے۔ کرشنا ضلع سے تعلق رکھنے والے ہوم گارڈ اجے کمار بچوں کے سامنے ہی ایک خاتون کے ساتھ ناچ گانے میں ایسا مگن ہوا کہ وردی کی عزت بھی بھول بیٹھا۔ اس کا یہ ’فنکشن اسپیشل ڈانس‘ اب سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو چکا ہے۔
اطلاعات کے مطابق اجے کمار کنکی پاڈو رورل سی آئی کے ڈرائیور کے طور پر خدمات انجام دے رہا تھا۔ وہ حال ہی میں ایک اسکول کے پروگرام میں شریک ہوا، جہاں اس نے نہ صرف خاتون کے ساتھ رقص کیا بلکہ ایسے ’فنکارانہ‘ اسٹیپس دکھائے کہ بچے بھی حیران رہ گئے اور ویڈیو بنانے والوں کی لاٹری لگ گئی۔
ویڈیو وائرل ہوتے ہی اعلیٰ حکام بھی حیران، پریشان اور پھر ناراض ہو گئے۔ ضلع ایس پی ودیا ساگر نائیڈو نے سخت کارروائی کرتے ہوئے اجے کمار کو ڈیوٹی سے ہٹا دیا۔ ایس پی کا کہنا ہے کہ ایک پولیس ملازم کا اس طرح کا نامناسب رقص نہ صرف محکمہ کی ساکھ کو مجروح کرتا ہے بلکہ ڈسپلن کی بھی کھلی خلاف ورزی ہے۔
انہوں نے مزید واضح کیا کہ پولیس وردی پہن کر کوئی بھی ’اسٹیج پرفارمر‘ بننے کی کوشش کرے گا تو اس کے خلاف اسی طرح کی سخت کارروائی کی جائے گی۔
محکمے نے اپنے افسران اور عملے کو خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ پولیس کی وردی ڈانس کاسٹیوم نہیں ہے اور ایسے واقعات برداشت نہیں کیے جائیں گے۔