تلنگانہجرائم و حادثات

وجئے واڑہ بائی پاس پر بھیانک حادثہ، کار میں آگ لگنے سے بچہ سمیت 4 افراد جھلس کر ہلاک (ویڈیو)

کار میں سوار افراد گنٹور ضلع کے نمبورو میں ایک تقریب میں شرکت کے بعد واپس لوٹ رہے تھے۔ حادثے میں ہلاک ہونے والوں کی شناخت رام دیو، ارونا، وجئے اور ایک بچے کی حیثیت سے کی گئی ہے۔

وجئے واڑہ: آندھرا پردیش کے وجئے واڑہ ویسٹ بائی پاس پر پیش آئے ایک بھیانک سڑک حادثے میں ایک بچے سمیت چار افراد جھلس کر ہلاک ہوگئے، جبکہ ایک شخص شدید زخمی ہوگیا۔ یہ حادثہ اس وقت پیش آیا جب ایک کار بے قابو ہوکر سڑک کے کنارے موجود ریلنگ سے ٹکرا گئی، جس کے بعد کار میں آگ بھڑک اٹھی۔

پولیس کے مطابق، کار میں سوار افراد گنٹور ضلع کے نمبورو میں ایک تقریب میں شرکت کے بعد واپس لوٹ رہے تھے۔ حادثے میں ہلاک ہونے والوں کی شناخت رام دیو، ارونا، وجئے اور ایک بچے کی حیثیت سے کی گئی ہے۔ یہ تمام افراد نمبورو اور وجئے واڑہ کے قریب واقع نونا کے رہنے والے بتائے گئے ہیں۔

حادثے کے بعد کار میں آگ لگتے ہی مقامی افراد نے پولیس اور فائر سروس کو اطلاع دی۔ اطلاع ملنے پر فائر بریگیڈ کا عملہ فوری طور پر جائے حادثہ پر پہنچا اور کافی کوششوں کے بعد آگ پر قابو پایا۔

پولیس نے زخمی شخص کو قریبی اسپتال منتقل کیا، جہاں ڈاکٹروں نے اس کی حالت تشویشناک بتائی ہے۔

پولیس نے واقعہ کے سلسلے میں مقدمہ درج کرتے ہوئے حادثے کی وجوہات کا پتہ لگانے کے لیے تحقیقات شروع کردی ہیں۔