بیگم پیٹ میں ڈانڈیا تقریب کے دوران ہنگامہ، غیرہندوؤں کی موجودگی پر اعتراض
شہر کے بیگم پیٹ میں جمعرات 15 اکتوبر کی رات ڈانڈیا تقریب کے دوران اس وقت کشیدگی پیدا ہوگئی، جب دائیں بازو کی تنظیموں کے کارکنوں نے تقریب میں مبینہ طور پر غیر ہندوؤں کی موجودگی پر اعتراض کیا۔
حیدرآباد: شہر کے بیگم پیٹ میں جمعرات 15 اکتوبر کی رات ڈانڈیا تقریب کے دوران اس وقت کشیدگی پیدا ہوگئی، جب دائیں بازو کی تنظیموں کے کارکنوں نے تقریب میں مبینہ طور پر غیر ہندوؤں کی موجودگی پر اعتراض کیا۔
یہ واقعہ بیگم پیٹ کے ہاکی گراؤنڈس میں منعقدہ نوراتری ڈانڈیا تقریب کے دوران پیش آیا۔ بجرنگ دل، ہندو واہنی اور دیگر تنظیموں کے کارکنوں نے دعویٰ کیا کہ انہوں نے تقریب میں موجود 20 افراد کو بیگم پیٹ پولیس کے حوالے کیا۔ کارکنوں نے موقع پر موجود پولیس اہلکاروں سے بھی سوال کیا کہ ان افراد کو تقریب میں داخلے کی اجازت کیسے دی گئی۔
اس دوران کارکنوں نے ’’دیش کے سمان میں، بجرنگ دل میدان میں‘‘ اور ’’جے شری رام‘‘ کے نعرے بھی لگائے۔
تاہم، پولیس نے اس واقعہ کو معمولی نوعیت کا قرار دیتے ہوئے کہا کہ حراست میں لیے گئے افراد کی کونسلنگ کی گئی اور بعد میں انہیں چھوڑ دیا گیا۔
تاحال یہ واضح نہیں ہوسکا کہ تقریب میں شرکت کے علاوہ ان افراد نے کیا خلاف ورزی کی تھی۔ دوسری جانب، ان کارکنوں کے خلاف کسی کارروائی کی اطلاع بھی سامنے نہیں آئی جنہوں نے تقریب کے مقام پر احتجاج کیا تھا۔