حیدرآباد

حیدرآباد: خانگی کالج کی عمارت میں بھگوان کرشنا کی مورتی ’’دریافت‘‘ ہونے پر لوگوں کا ہجوم

شہر حیدرآباد کے علاقہ رام کوٹ میں تعمیراتی کام کے دوران بھگوان کرشنا کی مورتی برآمد ہونے کی اطلاع پر لوگوں کا ہجوم جمع ہوگیا۔ یہ واقعہ جمعہ کے دن سامنے آیا۔

حیدرآباد: شہر حیدرآباد کے علاقہ رام کوٹ میں تعمیراتی کام کے دوران بھگوان کرشنا کی مورتی برآمد ہونے کی اطلاع پر لوگوں کا ہجوم جمع ہوگیا۔ یہ واقعہ جمعہ کے دن سامنے آیا۔ بتایا گیا ہے کہ رام کوٹ کے ایک خانگی کالج میں بڑی تعداد میں لوگ جمع ہوگئے۔

جیسے ہی یہ خبر پھیل گئی کہ احاطے کی کھدائی کے دوران مورتی برآمد ہوئی ہے، آس پاس کے عقیدت مند اسے دیکھنے کے لیے موقع پر پہنچ گئے اور کچھ نے اس کی پوجا بھی شروع کردی۔

تاہم سلطان بازار پولیس کو شبہ ہے کہ اس پورے واقعہ کو اشرار نے اسٹیج کیا ہے تاکہ کچھ ذاتی مفادات حاصل کئے جاسکیں۔

پولیس نے بتایا کہ جمعرات اور جمعہ کی درمیانی رات نامعلوم اشرار کالج کی گیٹ کا تالا توڑ کر احاطے میں داخل ہوئے اور جان بوجھ کر وہاں مورتی رکھ دی۔

پولیس ذرائع نے بتایا کہ چونکہ کالج کی عمارت سے متعلق ایک معاملہ عدالت میں زیردوران ہے، اس لئے بد نیتی کے حامل لوگ اس معاملہ کا رخ موڑنے کے لئے وہاں مورتی رکھ سکتے تھے۔

سلطان بازار پولیس اس بات کی تحقیقات کر رہی ہے کہ مورتی کو احاطے میں کس نے رکھا تھا؟ وہ شرپسندوں کی شناخت کے لیے سرویلنس کیمروں کی فوٹیج کی بھی جانچ کی جارہی ہے۔