تلنگانہحیدرآباد

حیدرآباد میں بم دھماکوں کی دھمکی، پولیس ہائی الرٹ

شہر میں بم حملہ کی دھمکی آمیز ای میل موصول ہونے کے بعد تلنگانہ پولیس ہائی الرٹ ہوگئی ہے۔ مبینہ طور پر لشکرِ طیبہ سے وابستگی کا دعویٰ کرنے والے ایک شخص نے ای میل کے ذریعے حیدرآباد میں 26/11 ممبئی حملوں جیسی کارروائی دہرانے کی دھمکی دی ہے۔

حیدرآباد: شہر میں بم حملہ کی دھمکی آمیز ای میل موصول ہونے کے بعد تلنگانہ پولیس ہائی الرٹ ہوگئی ہے۔ مبینہ طور پر لشکرِ طیبہ سے وابستگی کا دعویٰ کرنے والے ایک شخص نے ای میل کے ذریعے حیدرآباد میں 26/11 ممبئی حملوں جیسی کارروائی دہرانے کی دھمکی دی ہے۔ ای میل میں کم از کم 300 افراد کو ہلاک کرنے کی بات بھی کہی گئی ہے۔

اطلاعات کے مطابق، حکام کو موصول ہونے والی ای میل کا عنوان ’’لشکرِ طیبہ‘‘ تھا۔ اس میں حیدرآباد کے کاچی گوڑہ علاقے میں واقع ہوٹل ٹورسٹ پلازا اور کاچی گوڑہ ریلوے اسٹیشن کو بم دھماکوں سے نشانہ بنانے کی دھمکی دی گئی ہے۔

اطلاعات کے مطابق ای میل بھیجنے والے نے دعویٰ کیا کہ وہ لشکرِ طیبہ سے وابستہ ہے۔ اس نے 26 نومبر 2008 کو ممبئی میں ہوئے دہشت گردانہ حملوں جیسی کارروائی حیدرآباد میں بھی دہرانے کی دھمکی دی۔

دھمکی آمیز ای میل موصول ہونے کے بعد پولیس نے فوری طور پر احتیاطی اقدامات شروع کردیے ہیں۔ حیدرآباد کے پولیس کمشنر بھگوت نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ افواہوں پر یقین نہ کریں اور پرسکون رہیں۔

پولیس کی جانب سے مشتبہ مقامات پر چیکنگ کی گئی ہے، جبکہ عوامی مقامات پر نگرانی اور پولیس کی موجودگی بڑھا دی گئی ہے۔ دوسری جانب سائبر کرائم پولیس ای میل بھیجنے والے شخص کی شناخت اور اس کا سراغ لگانے میں مصروف ہے۔

پولیس نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ کسی بھی مشتبہ شخص یا لاوارث چیز کو دیکھنے کی صورت میں فوری طور پر پولیس کو اطلاع دیں۔ اس مقصد کے لیے ہیلپ لائن نمبر 112 پر رابطہ کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔

پولیس حکام نے واضح کیا ہے کہ شہر میں چوبیس گھنٹے نگرانی جاری ہے اور شہریوں کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے ضروری اقدامات کیے جارہے ہیں۔