جرائم و حادثاتقومیکرناٹک

سرکاری ہاسپٹل میں خاتون کے ساتھ نازیبا حرکت، سی سی ٹی وی میں واقعہ قید

ہاویری کے سرکاری ہاسپٹل میں رات کے وقت پیش آیا واقعہ، خاتون کے شور مچانے پر لوگوں نے ملزم کو پکڑنے کی کوشش کی، لیکن وہ فرار ہوگیا۔

بنگلورو: کرناٹک کے ضلع ہاویری کے ایک سرکاری ہاسپٹل میں خاتون کے ساتھ نازیبا حرکت کا معاملہ سامنے آیا ہے۔ واقعہ ہفتہ کی رات تقریباً 2 بجے پیش آیا، جس کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی سامنے آئی ہے۔

اطلاعات کے مطابق ایک خاتون مریض کے قریب فرش پر سو رہی تھی کہ اسی دوران ایک شخص وہاں پہنچا اور مبینہ طور پر اس کا کمبل ہٹاکر نازیبا حرکت کرنے لگا۔ خاتون کی آنکھ کھلنے پر اس نے شخص کو تھپڑ مارا اور شور مچادیا۔

شور سن کر ہاسپٹل میں موجود دیگر افراد وہاں پہنچ گئے اور ملزم کو پکڑنے کی کوشش کی۔ ایک شخص نے اسے قابو میں بھی کرلیا، تاہم وہ لوگوں کو دھکا دے کر فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔

بتایا جاتا ہے کہ مذکورہ شخص گزشتہ ہفتہ اسی ہاسپٹل سے کم از کم 10 موبائل فون چوری کرنے کے معاملہ میں بھی مشتبہ ہے۔ اس واقعہ کے بعد ہاسپٹل میں رات کے وقت سیکیورٹی انتظامات پر سوالات اٹھ رہے ہیں۔