امریکہ و کینیڈا

7جنگیں رکوانے کیلئے میں نوبل انعام کا حقدار ہوں: ٹرمپ

امریکی صدر ٹرمپ نے پھر دعویٰ کیا ہے کہ انہوں نے تجارت کے حوالہ سے ہند۔پاک جنگ رکوائی تھی۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ ”7 جنگیں ختم کرنے“ کے لئے انہیں نوبل پیس پرائز ملنا چاہئے۔

نیویارک/ واشنگٹن (پی ٹی آئی) امریکی صدر ٹرمپ نے پھر دعویٰ کیا ہے کہ انہوں نے تجارت کے حوالہ سے ہند۔پاک جنگ رکوائی تھی۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ ”7 جنگیں ختم کرنے“ کے لئے انہیں نوبل پیس پرائز ملنا چاہئے۔

ٹرمپ نے ہفتہ کے دن امریکن کارنراسٹون فاونڈر ڈنر میں کہا کہ ہم امن معاہدے کرارہے ہیں اور ہم جنگیں رکوارہے ہیں۔ ہم نے ہند۔پاک اور تھائی لینڈ۔کمبوڈیا جنگیں رکوائیں۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان اور پاکستان کے بارے میں سوچئے۔ آپ جانتے ہیں کہ میں نے تجارت کے ذریعہ جنگ رکوائی۔ وہ تجارت چاہتے ہیں۔

میں دونوں ممالک کے قائدین کا بڑا احترام کرتا ہوں۔ انڈیا،پاکستان، تھائی لینڈ، کمبوڈیا، آرمینا،آذربائجان،سربیا، اسرائیل، ایران، مصر اور ایتھوپیا، روانڈا اور کانگو ہم نے یہ ساری جنگیں رکوائیں۔ امریکی صدر نے دعویٰ کیا کہ 60 فیصد جنگیں، تجارت کی وجہ سے رکیں۔

ٹرمپ نے کہا کہ لوگ کہتے ہیں کہ اگر میں روس اور یوکرین جنگ رکوادوں تو مجھے نوبل امن انعام مل جائے گا۔ میرا کہنا ہے کہ دیگر 7 جنگوں کا کیا؟ مجھے ہر جنگ کیلئے نوبل انعام ملنا چاہئے۔

میں نے 7 جنگیں رکوائیں، صرف ایک جنگ جاری ہے جو بڑی ہے۔ میں نے سوچا تھا کہ یہ مسئلہ حل کرنا آسان ہے کیونکہ صدر پوٹین سے میرے تعلقات رہے ہیں لیکن اس شخص نے مجھے مایوس کیا ہے۔