آندھراپردیش

سمندری طوفان، چوکس رہنے کی ہدایت۔وزیراعلی چندرابابو کی ویڈیو کانفرنس

طوفان کے اثر سے کرشنا، مغربی گوداوری، کوناسیما اور ایلور اضلاع میں شدید بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ وزیر اعلیٰ نے این ڈی اے کارکنوں کو ہدایت دی کہ وہ عوام کو چوکس کریں اور امدادی سرگرمیوں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں۔

حیدرآباد: سمندری طوفان مونتھا نے آندھرا پردیش کو بری طرح اپنی لپیٹ میں لے لیا ہے۔ اس صورتحال کے پیش نظر وزیر اعلیٰ این چندرابابو نائیڈو نے منگل کواے پی میں این ڈی اے اتحاد کے ارکان پارلیمنٹ، وزراء، ارکان اسمبلی اور دیگر قائدین کے ساتھ ایک اہم ویڈیو کانفرنس منعقد کی۔

متعلقہ خبریں
اےپی کے وجیانگرم میں نو بیاہتا جوڑا مشتبہ حالات میں مردہ پایاگیا
پارٹی کو جانشینوں کے حوالے کرنے کی ذمہ داری لیں۔ کیڈر کو چیف منسٹر نائیڈو کا مشورہ
آکاش ایجوکیشنل سروسز نے تلگو زبان میں یوٹیوب چینل کا آغاز کر کے امیدواروں کیلئے تعلیمی رسائی بڑھا دی
سمہا چلم اپنا سوامی مندر میں دیوار گرنے کا واقعہ، سافٹ ویر انجینئر جواڑا سمیت 8 افراد ہلاک
وقف ترمیمی بل کے خلاف وجئے واڑہ میں زبردست دھرنا


وزیر اعلیٰ نے کہا کہ وہ آج اور کل مکمل طور پر چوکس رہیں اور عوام کو ہر ممکن مدد فراہم کریں۔ انہوں نے ہدایت دی کہ لیڈر سے لے کر کارکن تک سب کو عوام کے ساتھ کھڑا رہنا چاہیے۔ طوفان سے متاثرہ علاقوں میں موجود وزراء، ارکان اسمبلی، ارکان پارلیمنٹ، قائدین اور کارکنوں کو عوام کے درمیان رہنے کی تاکید کی گئی۔


چندرابابو نائیڈو نے کہا کہ تازہ ترین اطلاعات کے مطابق طوفان مونتھا اس وقت کاکناڈاسے تقریباً 270 کلومیٹر کے فاصلہ پرمرکوز ہے اور 15 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ریاست کی سمت بڑھ رہا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ آج رات تک یہ ایک شدید سمندری طوفان میں تبدیل ہو سکتا ہے اور مچلی پٹنم اور کلنگا پٹنم کے درمیان ساحل سے ٹکرانے کا امکان ہے۔


طوفان کے اثر سے کرشنا، مغربی گوداوری، کوناسیما اور ایلور اضلاع میں شدید بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ وزیر اعلیٰ نے این ڈی اے کارکنوں کو ہدایت دی کہ وہ عوام کو چوکس کریں اور امدادی سرگرمیوں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں۔


انہوں نے کہا کہ حالات کی سنگینی کے مطابق عوام کے موبائل فونز پر ریئل ٹائم وارننگ میسجز بھیجے جا رہے ہیں۔ حکومت نے افسران کو ہدایت دی ہے کہ وہ فصلوں کو پانی میں ڈوبنے سے بچانے کے اقدامات کریں اور جانی و مالی نقصان کو کم سے کم کرنے کی کوشش کریں۔


چندرابابو نائیڈو نے کہا کہ ضرورت پڑنے پر مرکزی حکومت سے امداد بھی طلب کی جائے گی۔ انہوں نے واضح کیا کہ حکومت کا مقصد عوام کی جان بچانا اور نقصان کو کم کرنا ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ ایسے مشکل وقت میں عوام کے درمیان ہی رہنا چاہیے۔


وزیر اعلیٰ نے کہا کہ سرکاری مشنری کے ساتھ ساتھ این ڈی اے جماعتوں کے کارکن بھی تعاون کریں۔ ضعیف افراد،بچوں اور حاملہ خواتین کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کے احکامات دیئے گئے ہیں۔


انہوں نے یاد دلایا کہ تتلی اور ہُدہُد طوفانوں کے دوران بھی حکومت نے مؤثر انداز میں حالات کا مقابلہ کیا تھا، اور عوام کو یقین دلایا کہ اس بار بھی حکومت پوری طرح تیار ہے۔


وزیر اعلیٰ نے مزید کہا کہ طبی کیمپ قائم کئے جا رہے ہیں، اور اگر درخت یا کھمبے گر جائیں تو انہیں فوری طور پر ہٹانے کے انتظامات کئے جا رہے ہیں۔ فلیش فلڈ کے خدشہ کے پیش نظر این ڈی آر ایف اور ایس ڈی آر ایف کی ٹیموں کو میدانی سطح پر تعینات کیا گیا ہے۔


سمندر میں گئے ماہی گیروں کو واپس بلایا گیا ہے، اور انہیں این ڈی اے مقامی قائدین کے ساتھ رابطہ میں رہنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ وزیر اعلیٰ نے بتایا کہ ہر گھنٹے میں ایک بلیٹن جاری کیا جائے گا تاکہ عوام کو صورتحال سے باخبر رکھا جا سکے۔