تجارت

جی ایس ٹی اصلاحات کے اثرات، عالمی عوامل سے طے ہوگی شیئر بازار کی چال

اشیاء و خدمات ٹیکس (جی ایس ٹی) کونسل کی عام لوگوں کے استعمال کی چیزوں پر ٹیکس گھٹانے کےاعلان کے بعد گاڑی بنانے والی کمپنیوں نے قیمتوں میں کمی شروع کر دی ہے۔ سرمایہ کار اس بات کا انتظار کریں گے کہ کون سا شعبہ جی ایس ٹی اصلاحات کے بعد کتنی قیمتوں میں کمی کرتا ہے۔

ممبئی: گزشتہ ہفتے گھریلو شیئر بازاروں میں تیزی کے بعد آنے والے ہفتے میں سرمایہ کاروں کی نظر جی ایس ٹی اصلاحات کے زمینی اثرات اور عالمی عوامل پر مرکوز رہے گی۔


اشیاء و خدمات ٹیکس (جی ایس ٹی) کونسل کی عام لوگوں کے استعمال کی چیزوں پر ٹیکس گھٹانے کےاعلان کے بعد گاڑی بنانے والی کمپنیوں نے قیمتوں میں کمی شروع کر دی ہے۔ سرمایہ کار اس بات کا انتظار کریں گے کہ کون سا شعبہ جی ایس ٹی اصلاحات کے بعد کتنی قیمتوں میں کمی کرتا ہے۔ اس کے علاوہ بیرون ملک سے ملنے والے اشاروں پر بھی ان کی نظر ہوگی۔


گزشتہ ہفتے دونوں بڑے اشاریوں میں ایک فیصد سے زیادہ کی تیزی رہی۔ بی ایس ای کا 30 حصص والا حساس اشاریہ سینسیکس 901.11 پوائنٹ (1.13 فیصد) کے ہفتہ وار اضافہ کے ساتھ 80,710.76 پوائنٹ پر پہنچ گیا۔ نیشنل اسٹاک ایکسچینج (این ایس ای) کا نفٹی-50 اشاریہ بھی 314.15 پوائنٹ یعنی 1.29 فیصد بڑھ کر ہفتہ کے اختتام پر 24,741 پوائنٹ پر بند ہوا۔


درمیانے درجے کی اور چھوٹی کمپنیوں میں سرمایہ کاروں نے زیادہ اعتماد دکھایا۔ این ایس ای میں نفٹی مڈ کیپ-50 اشاریہ 2.40 فیصد اور اسمال کیپ-100 اشاریہ 2.49 فیصد بڑھا۔


سینسیکس کی 30 میں سے 21 کمپنیوں کے حصص ہفتہ وار بڑھت میں رہے۔ مہندرا اینڈ مہندرا کے حصص میں 11.36 فیصد کا زبردست اضافہ دیکھا گیا۔ ٹاٹا اسٹیل کا شیئر 8.55 فیصد، بجاج فنانس کا 6.82 فیصد، بجاج فنسرو کا 5.32 فیصد اور ایٹرنل کا 4.77 فیصد مضبوط ہوا۔


ٹرینٹ میں 4.12 فیصد، پاور گرڈ میں 3.65، ٹاٹا موٹرز میں 3.45، ایشیئن پینٹس میں 2.44، ریلائنس انڈسٹریز میں 1.27، ایچ ڈی ایف سی بینک میں 1.20، ایکسس بینک میں 1.02 اور ٹائٹن میں 1.01 فیصد کی تیزی رہی۔ ماروتی سوزوکی، اڈانی پورٹس اور اسٹیٹس بینک آف انڈیا میں بھی ہفتہ وار تیزی رہی۔


ہفتے کے دوران ایچ سی ایل ٹیکنالوجیز کا شیئر سب سے زیادہ 2.47 فیصد ٹوٹ گیا۔ انفوسس میں 1.71 فیصد، ایل اینڈ ٹی میں 1.31، ٹی سی ایس میں 1.17 اور ہندستان یونی لیور میں 1.01 فیصد کی گراوٹ رہی۔ کوٹک مہندرا بینک، آئی ٹی سی، الٹرا ٹیک سیمنٹ اور ٹیک مہندرا میں بھی مندی کا رجحان رہا۔