سابق جنتادل ایس رکن پارلیمنٹ پرجول ریونا کو عمرقید کی سزا
خصوصی عدالت نے ہفتہ کے دن سابق رکن پارلیمنٹ اور معطل جنتادل(ایس) قائد پرجول ریونا کو عصمت ریزی کیس میں عمرقید کی سزا سنائی۔ خصوصی جج ایم پیز/ایم ایل ایز کورٹ سنتوش گجانن بھٹ نے ملزم پر 10 لاکھ روپے جرمانہ بھی عائد کیا۔

بنگلورو (پی ٹی آئی) خصوصی عدالت نے ہفتہ کے دن سابق رکن پارلیمنٹ اور معطل جنتادل(ایس) قائد پرجول ریونا کو عصمت ریزی کیس میں عمرقید کی سزا سنائی۔ خصوصی جج ایم پیز/ایم ایل ایز کورٹ سنتوش گجانن بھٹ نے ملزم پر 10 لاکھ روپے جرمانہ بھی عائد کیا۔ عدالت نے جمعہ کے دن 34 سالہ قائد کو عصمت ریزی کے 4 کیسس میں سے ایک میں خاطی قراردیا تھا۔
استغاثہ نے آج جب ریونا کو سزائے موت دینے پر اصرار کیا تو 34 سالہ قائد نے کہا کہ اس کے نرمی برتی جائے۔ اس نے دعویٰ کیا کہ اس نے کچھ بھی غلط نہیں کیا ہے۔اس کی واحد غلطی سیاست میں تیزی سے ترقی کرنا ہے۔ وہ عدالت میں روپڑا۔ اس نے جج سے کم سے کم سزا کی درخواست کی۔
اس نے یہ بھی کہا کہ وہ بی ای میکانیکل ہے اور ہمیشہ میرٹ سے کامیاب ہوتا رہا ہے۔ اس نے یہ بھی کہا کہ میری فیملی ہے‘ میں نے 6 ماہ سے اپنے ماں باپ سے ملاقات نہیں کی ہے‘ برائے مہربانی مجھے کم سے کم سزا دیں۔
میں نے اپنی زندگی میں صرف ایک غلطی کی اور وہ غلطی یہ ہے کہ میں نے راج نیتی میں اوپر جانے کا سفر تیزی سے طئے کیا۔ پرجول ریونا کو گزشتہ برس مئی میں جرمنی سے آمد کے بعد گرفتار کرلیا گیا تھا۔ کیس کی تحقیقات کرنے والی ایس آئی ٹی نے ستمبر 2024 میں 1632 صفحات کی چارج شیٹ داخل کی تھی۔ اس نے اس کیس میں 113 گواہ بنائے تھے۔