قومی

سعودی عرب میں حملے، ہندوستان کی جانب سے حملہ کی شدید مذمت

ہندوستان نے جمعرات کے روز سعودی عرب میں کئے گئے تازہ حملوں کی شدید مذمت کی ہے جن میں ایک ہندوستانی شہری ہلاک اور دیگر 3 زخمی ہوئے ہیں۔

نئی دہلی (پی ٹی آئی) ہندوستان نے جمعرات کے روز سعودی عرب میں کئے گئے تازہ حملوں کی شدید مذمت کی ہے جن میں ایک ہندوستانی شہری ہلاک اور دیگر 3 زخمی ہوئے ہیں۔ نئی دہلی نے کہا کہ شہری اور اہم انفرااسٹرکچر کو نشانہ بناکر کئے جارہے حملے مکمل طور پر ناقابل قبول ہیں اور انہیں فوری بند کیا جانا چاہئے۔

وزارتِ خارجہ کے مطابق دمام کے شاہ فہد انٹرنیشنل ایرپورٹ پر کئے گئے حملہ میں ایک ہندوستانی شہری ہلاک اور دیگر دو زخمی ہوگئے جبکہ آرامکو کے شیبہ آئیل فیڈ پر کئے گئے حملہ میں ایک اور ہندوستانی شہری زخمی ہوا ہے۔

وزارتِ خارجہ نے کہا کہ ان حملوں میں بدبختانہ طور پر عام شہری ہلاک اور زخمی ہوئے ہیں۔ اس نے سوگوار خاندانوں سے اظہارِ تعزیت کیا اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کی تمنا ظاہر کی۔

وزارتِ خارجہ نے کہا کہ ریاض میں واقع ہندوستانی سفارتخانہ سعودی حکام کے ساتھ ربط میں ہے اور ہر ممکن مدد فراہم کرے گا۔

وزارتِ خارجہ نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ ہم مملکت ِ سعودی عرب کی خودمختاری کے تحفظ میں عوام اور حکومت کے ساتھ اظہارِ یگانگت کرتے ہیں اور یہ امید رکھتے ہیں کہ اس خطہ میں امن و امان اور معمول کے حالات جلداز جلد بحال ہوجائیں گے۔