ایشیاء

پاکستان میں ہندوستانی ہائی کمیشن عہدیداروں کی 2 ملزمین سے ملاقات

پاکستان میں انڈین ہائی کمیشن کے عہدیداروں نے راولپنڈی میں ہائی سیکوریٹی اڈیالہ جیل میں 2 ہندوستانی شہریوں سے ملاقات کی جنہیں 4 سال پہلے جاسوسی کے الزام میں گرفتار کیا گیا تھا۔

اسلام آباد: پاکستان میں انڈین ہائی کمیشن کے عہدیداروں نے راولپنڈی میں ہائی سیکوریٹی اڈیالہ جیل میں 2 ہندوستانی شہریوں سے ملاقات کی جنہیں 4 سال پہلے جاسوسی کے الزام میں گرفتار کیا گیا تھا۔

جموں وکشمیر کے بندی پورہ ٹاؤن سے تعلق رکھنے والے 2 نوجوانوں 29 سالہ فیروزاحمد لون اور 24 سالہ نور محمد وانی کو 2020 میں مقبوضہ کشمیر کے گلگت۔ بلتستان میں گرفتار کیا گیا تھا۔

اخبار دی ایکسپریس ٹریبون نے ذرائع کے حوالہ سے یہ بات بتائی۔ رپورٹ میں کہا گیا کہ دونوں ہندوستانی شہریوں کو حال ہی میں گلگت۔ بلتستان کی ایک جیل سے راولپنڈی کی اڈیالہ جیل منتقل کیا گیا ہے۔ حکومت ِ ہند کی درخواست پر سفارتی رسائی فراہم کی گئی۔

یہاں واقع ہندوستانی ہائی کمیشن یا پاکستانی دفتر ِ خارجہ نے اس معاملہ پر فوری کوئی تبصرہ نہیں کیا۔ سفارتی ذرائع کے حوالہ سے رپورٹ میں بتایا گیا کہ اسلام آباد میں انڈین ہائی کمیشن کے سہ رکنی وفد نے دونوں قیدیوں سے اڈیالہ جیل میں ملاقات کی۔

پیر کے روز اس میٹنگ کے دوران وزارت ِ داخلہ کے عہدیدار بھی موجود تھے۔ ہندوستانی میڈیا کے مطابق دونوں نوجوان نومبر 2018 سے مقبوضہ کشمیر سے لاپتہ تھے۔انہوں نے مبینہ طورپر غیرقانونی طریقہ سے سرحد پار کی گئی تھی اور بعدازاں انہیں جاسوسی کے الزام میں گرفتار کرلیا گیا تھا۔