انٹرنیشنل فزکس اولمپیاڈ میں ہندوستان کا تاریخی کارنامہ
گزشتہ ایک دہائی میں اولمپیاڈ میں حصہ لینے والے تمام ہندستانی شرکاء نے تمغے جیتنے میں کامیابی حاصل کی ہے۔
نئی دہلی : ہندستان کے نوجوان فزکس کے طلبہ نے کولمبیا کے بوکارامانگا میں چار سے 12 جولائی تک منعقدہ 56 ویں انٹرنیشنل فزکس اولمپیاڈ (آئی پی ایچ او) 2026 میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے پانچ طلائی تمغے جیتے ہیں۔ اس کامیابی کے ساتھ ہندستان نے چین، قزاقستان، روس، جنوبی کوریا اور تائیوان کے ساتھ مشترکہ طور پر دنیا میں پہلا مقام حاصل کیا۔
کل 87 ممالک کے 381 شرکاء کے درمیان ہندستان کی یہ کارکردگی سائنس کی تعلیم اور بین الاقوامی سطح پر ملک کے بڑھتے ہوئے وقار کی عکاس مانی جا رہی ہے۔
طلائی تمغہ جیتنے والوں میں پونے (مہاراشٹر) کے کنشک جین، اندور (مدھیہ پردیش) کے ردھیش اننت بندالے، دوارکا (نئی دہلی) کے رشت گرگ، ممبئی (مہاراشٹر) کے شریشٹھ سوریہ اور احمد آباد (گجرات) کے سوریت جوشی سمیت کل پانچ طلبہ شامل ہیں۔
اس کامیابی کے ساتھ انٹرنیشنل فزکس اولمپیاڈ میں ہندستان کی شاندار روایت مزید مضبوط ہوئی ہے۔ گزشتہ ایک دہائی میں اولمپیاڈ میں حصہ لینے والے تمام ہندستانی شرکاء نے تمغے جیتنے میں کامیابی حاصل کی ہے۔
اس کامیابی کا سہرا ملک کے اولمپیاڈ پروگرام کو دیا گیا ہے، جس کا انتظام محکمہ ایٹمی توانائی (ڈی اے ای) کے تحت ٹاٹا انسٹی ٹیوٹ آف فنڈامنٹل ریسرچ (ٹی آئی ایف آر) کے نیشنل سنٹر ہومی بھابھا سینٹر فار سائنس ایجوکیشن (ایچ بی سی ایس ای) کے ذریعہ کیا جاتا ہے۔ ایچ بی سی ایس ای ہندستان میں اولمپیاڈ پروگرام کا نوڈل سینٹر ہے اور کثیر سطحی انتخابی عمل، اورینٹیشن کیمپوں اور گہرے تربیتی پروگراموں کے ذریعے سائنس اور ریاضی میں باصلاحیت طلبہ کو تیار کرتا ہے۔
محکمہ ایٹمی توانائی کے سکریٹری اور ایٹمی توانائی کمیشن کے چیئرمین ڈاکٹر اجیت کمار موہنتی نے تمغہ جیتنے والوں کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ پانچ طلائی تمغے جیتنا اور مشترکہ طور پر دنیا میں پہلا مقام حاصل کرنا ملک کے لیے انتہائی فخر کی بات ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ کامیابی طلبہ کی صلاحیتوں، لگن اور سائنسی نقطۂ نظر کے ساتھ ساتھ ایچ بی سی ایس ای-ٹی آئی ایف آر کے اولمپیاڈ پروگرام کی عمدگی کا ثبوت ہے۔ انہوں نے طلبہ، ان کے والدین، اساتذہ اور رہنماؤں کو بھی مبارکباد دی۔
محکمہ ایٹمی توانائی نے ہندستانی وفد کے دونوں ٹیم لیڈروں پروفیسر انویش مجمدر (ایچ بی سی ایس ای-ٹی آئی ایف آر) اور ڈاکٹر لینا جوشی (سینٹ زیویئرز کالج، ممبئی)، سائنسی مبصر پروفیسر آنند داس گپتا (آئی آئی ایس ای آر، کولکاتہ) اور نشا کیلکر (گوگٹے-جوگلیکر کالج، رتناگیری) اور ایچ بی سی ایس ای کی فزکس اولمپیاڈ ٹیم اور رہنما گروپ کو بھی طلبہ کو تیار کرنے میں ان کے تعاون کے لیے مبارکباد دی۔
ایچ بی سی ایس ای کے ڈائریکٹر پروفیسر ارنب بھٹاچاریہ نے کہا کہ سائنس اور ریاضی اولمپیاڈ میں ہندستانی ٹیم کی مسلسل کامیابی کئی دہائیوں کی منظم تیاری، رہنمائی اور ادارہ جاتی تعاون کا نتیجہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں ہمیشہ سے باصلاحیت طلبہ اورمخلص سرپرست رہے ہیں، لیکن محکمہ ایٹمی توانائی کے مسلسل تعاون کی وجہ سے ہی ہندستان آج اس سطح تک پہنچ پایا ہے۔