پاور بینک میں آگ لگنے سے انڈیگو طیارے کا رخ حیدرآباد کی جانب موڑ دیا گیا (ویڈیو)
انڈیگو کے دہلی سے چینائی جانے والے طیارہ میں اتوار کو اس وقت خوف و ہراس پھیل گیا جب طیارے میں سامان رکھنے والے اوپری خانے سے دھواں اٹھنے لگا اور آگ لگنے کی اطلاع ملی۔

نئی دہلی: انڈیگو کے دہلی سے چینائی جانے والے طیارہ میں اتوار کو اس وقت خوف و ہراس پھیل گیا جب طیارے میں سامان رکھنے والے اوپری خانے سے دھواں اٹھنے لگا اور آگ لگنے کی اطلاع ملی۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق، ایک مسافر کے خراب پاور بینک کی وجہ سے یہ واقعہ پیش آیا۔ صورتحال کے پیش نظر طیارے کا رخ حیدرآباد کی جانب موڑ دیا گیا، جہاں اس نے راجیو گاندھی انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر بحفاظت لینڈنگ کی۔
طے شدہ پروگرام کے مطابق طیارے کو دہلی سے دوپہر ایک بجرکر دس منٹ پر بجے روانہ ہونا تھا، تاہم یہ ایک بجکر تیس منٹ پر روانہ ہوا اور اسے شام 4 بجے چنئی پہنچنا تھا۔ دورانِ پرواز ذاتی الیکٹرانک آلے سے دھواں اٹھنے کے بعد پائلٹس نے حفاظتی اقدامات کرتے ہوئے پرواز کا رخ حیدرآباد کی جانب موڑنے کا فیصلہ کیا۔
واقعے کی ایک ویڈیو بھی سامنے آئی ہے، جسے طیارے میں موجود ایک مسافر نے اپنے موبائل فون میں ریکارڈ کیا۔ ویڈیو میں بعض مسافروں کو آگ پر قابو پانے کی کوشش کرتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔ وہ اپنے بیگوں کی مدد سے آگ بجھانے کی کوشش کر رہے تھے۔ اس واقعے سے طیارے میں موجود مسافروں میں خوف و تشویش پیدا ہوگئی، تاہم طیارے نے بحفاظت لینڈنگ کی۔
انڈیگو نے اپنے بیان میں کہا کہ 11 اکتوبر 2026 کو دہلی سے چنئی جانے والی پرواز کو ایک مسافر کے ذاتی الیکٹرانک آلے سے دھواں اٹھنے کے بعد حیدرآباد منتقل کیا گیا۔
ایئرلائن کے مطابق، طیارے کے کیبن عملے نے فوری کارروائی کی اور صورتحال پر قابو پالیا۔ مقررہ حفاظتی ضابطوں کے تحت پائلٹوں نے پرواز کا رخ موڑ دیا اور طیارہ راجیو گاندھی انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر بحفاظت اتار لیا گیا۔
ایئرلائن نے مزید بتایا کہ مسافروں کو ان کے سفر کے بقیہ مرحلے میں چنئی پہنچانے کے لیے متبادل طیارے کا انتظام کیا گیا۔ انڈیگو نے اس غیر متوقع صورتحال کے باعث مسافروں کو پیش آنے والی زحمت پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ انہیں ریفریشمنٹ فراہم کرنے اور صورتحال سے متعلق بروقت معلومات دینے سمیت ہر ممکن سہولت فراہم کی جا رہی ہے۔
ایئرلائن کے مطابق، مسافروں اور عملے کی حفاظت اس کی اولین ترجیح ہے۔ دوسری جانب، واقعے کے درست وقت، آگ لگنے کی مکمل وجوہات اور دیگر تفصیلات کے بارے میں مزید معلومات کا انتظار ہے۔