مشرق وسطیٰ

ایران نے فوجی خطرے کے درمیان آئی اے ای اے معائنہ سے کیا انکار

رکن ممالک کو جمعرات کو بھیجی گئی ایک خفیہ رپورٹ میں، بین الاقوامی جوہری توانائی ایجنسی نے کہا کہ تہران نے ایران کے خلاف مزید فوجی کارروائی شروع کرنے کے لیے امریکی صدر کی جانب سے مسلسل، واضح اور کھلی دھمکیوں کا حوالہ دیا۔

تہران: ایران نے اقوام متحدہ کی جوہری نگران ایجنسی کو بتایا ہے کہ جب تک ملک کو مزید فوجی حملوں، بالخصوص جوہری تنصیبات پر حملوں کا خطرہ لاحق ہے، اس وقت تک جوہری معائنہ دوبارہ شروع کرنے پر کوئی بات چیت نہیں ہو سکتی۔

رکن ممالک کو جمعرات کو بھیجی گئی ایک خفیہ رپورٹ میں، بین الاقوامی جوہری توانائی ایجنسی نے کہا کہ تہران نے ایران کے خلاف مزید فوجی کارروائی شروع کرنے کے لیے امریکی صدر کی جانب سے مسلسل، واضح اور کھلی دھمکیوں کا حوالہ دیا۔

تہران نے کہا کہ اس صورتحال کا حل اس وقت تک نہیں نکل سکتا جب تک کہ موجودہ حالات کی بنیادی وجوہات کو ختم نہ کیا جائے اور معمول کے حفاظتی اقدامات کے نفاذ کے لیے ضروری شرائط بحال نہ کی جائیں۔

اس کے باوجود، ایران نے اس بات کا اعادہ کیا کہ جیسے ہی قانونی اور زمینی حقائق اجازت دیں گے، وہ اپنی حفاظتی ذمہ داریوں کو مکمل طور پر نافذ کرنے کا عمل دوبارہ شروع کرنے کے لیے پرعزم ہے۔

یہ تنازعہ ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب آئی اے ای اے جون 2025 میں اسرائیلی اور امریکی حملوں میں تباہ ہونے والی ایرانی جوہری تنصیبات تک رسائی حاصل کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔ ان حملوں کے بعد سے انسپکٹرز نہ تو متاثرہ مقامات پر واپس جا سکے ہیں اور نہ ہی ایران کے انتہائی افزودہ یورینیم کے ذخیرے کی صورتحال اور مقام کی تصدیق کر پائے ہیں۔

نگران ادارے نے ایران کی جوہری تنصیبات اور مواد کے بارے میں معلومات کی کمی کو "پھیلاؤ سے جڑی تشویش کا باعث” قرار دیا ہے، جسے "انتہائی فوری طور پر درست کرنے کی ضرورت” ہے۔ ایجنسی نے یہ بھی کہا کہ وہ بہت کم وقت کے نوٹس پر ایران میں اپنی حفاظتی نگرانی کی سرگرمیاں دوبارہ شروع کرنے کے لیے پوری طرح تیار ہے۔

ایران نے امریکی حکومت کی اس حالیہ پیشکش پر بھی اعتراض کیا ہے جس میں اس کے جوہری پروگرام کے بارے میں معلومات فراہم کرنے پر دو کروڑ ڈالر تک کے انعام کی پیشکش کی گئی ہے۔ امریکی محکمہ خارجہ کے ‘ریوارڈز فار جسٹس’ پروگرام کے تحت اعلان کردہ اس پیشکش میں، ایرانی جوہری تنصیبات، آلات اور سائنسدانوں سمیت وہاں کام کرنے والے لوگوں کے بارے میں معلومات طلب کی گئی ہیں۔ آئی اے ای اے کو لکھے گئے ایک خط میں، ایران نے ایجنسی کے کام کی رازداری اور آزادی کو برقرار رکھنے کی اہمیت پر زور دیا۔

اس کے ساتھ ہی متنبہ کیا کہ اس کے جوہری پروگرام سے متعلق معلومات کو افشا نہیں کیا جانا چاہیے اور نہ ہی اس کا غلط استعمال یا ناجائز فائدہ اٹھایا جانا چاہیے۔

ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی نے اقوام متحدہ، سلامتی کونسل اور آئی اے ای اے کے سربراہ رافیل گروسی سے الگ الگ اپیل کی ہے کہ وہ امریکہ کے اس اقدام کی مذمت کریں۔ ان کا استدلال ہے کہ اس سے جاسوسی کو فروغ مل سکتا ہے اور جوہری تنصیبات اور سائنسی عملے کے تحفظ کو خطرہ لاحق ہو سکتا ہے۔