کہیں مندر، کہیں پرچم، کہیں پارکنگ! بشیر باغ کے تین پارکس پر مبینہ قبضے کا الزام
بشیر باغ میں جی ایچ ایم سی کے تین پارکس پر مبینہ قبضوں اور سڑکوں کی بندش کا الزام، ایم بی ٹی ترجمان نے چیف منسٹر، پولیس اور متعلقہ محکموں سے کارروائی کا مطالبہ کیا۔
حیدرآباد: مجلس بچاؤ تحریک (MBT) کے ترجمان امجد اللہ خان نے بشیر باغ میں جی ایچ ایم سی کے تین عوامی پارکس پر مبینہ قبضوں اور غیر مجاز سرگرمیوں پر تشویش ظاہر کی ہے۔ انہوں نے چیف منسٹر ریونت ریڈی، حیدرآباد پولیس، جی ایچ ایم سی اور حیدرآباد کے عہدیداروں سے فوری کارروائی کا مطالبہ کیا۔
امجد اللہ خان کے مطابق بشیر باغ کے ایک پارک پر مبینہ طور پر قبضہ کرکے مندر تعمیر کیا گیا ہے جبکہ دوسرے پارک میں زعفرانی پرچم نصب کیا گیا ہے۔ ان کا دعویٰ ہے کہ اس مقام پر پہلے بھگوان رام کا بڑا کٹ آؤٹ بھی رکھا گیا تھا اور کئی دنوں تک مذہبی پوجا کی گئی تھی۔ تیسرے پارک کو مبینہ طور پر گاڑیوں کی پارکنگ کے لئے استعمال کیا جا رہا ہے۔
انہوں نے بشیر باغ میں کنگ کوٹھی سے پریس کلب اور حیدرگوڑہ سے فتح میدان جانے والی سڑکوں پر مبینہ پابندیوں پر بھی سوال اٹھاتے ہوئے پوچھا کہ یہ احکامات کس نے جاری کئے ہیں اور کیا ٹریفک پولیس نے کوئی باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کیا ہے؟
امجد اللہ خان نے کہا کہ شنکیشور بازار، سعیدآباد اور بالا پور سمیت شہر کے دیگر علاقوں میں بھی جی ایچ ایم سی پارکس پر مبینہ قبضوں کی شکایات سامنے آئی ہیں۔ انہوں نے تمام میونسپل پارکس کا سروے کرنے، غیر مجاز قبضے ہٹانے اور پارکس کو دوبارہ عوامی استعمال کے لئے بحال کرنے کا مطالبہ کیا۔
انہوں نے چیف منسٹر ریونت ریڈی اور متعلقہ محکموں کے اعلیٰ عہدیداروں سے اپیل کی کہ سرکاری املاک کا تحفظ یقینی بنایا جائے اور قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف کارروائی کی جائے۔