آبنائے ہرمز میں امریکی پیش قدمی کا جواب دیں گے: ایران
ایرانی پاسداران انقلاب کی بحریہ کے ایک اعلیٰ عہدیدار نے امریکی جنگی جہازوں کو آبنائے ہرمز کے قریب آنے سے خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ کسی بھی امریکی بحری جہاز کی اس علاقے کی جانب پیش قدمی کا ایرانی فورسز کی جانب سے جواب دیا جائے گا۔
تہران: ایرانی پاسداران انقلاب کی بحریہ کے ایک اعلیٰ عہدیدار نے امریکی جنگی جہازوں کو آبنائے ہرمز کے قریب آنے سے خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ کسی بھی امریکی بحری جہاز کی اس علاقے کی جانب پیش قدمی کا ایرانی فورسز کی جانب سے جواب دیا جائے گا۔
ایرانی خبر رساں ایجنسی فارس کے مطابق پاسداران انقلاب کی بحریہ کے نائب سیاسی کمانڈر نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے اس دعوے کو چیلنج کیا کہ امریکہ آبنائے ہرمز کو کنٹرول کرتا ہے۔
ایرانی عہدیدار نے کہا کہ اگر آبنائے ہرمز واقعی امریکی کنٹرول میں ہے تو واشنگٹن اپنا کوئی جنگی جہاز اس کے 100 کلومیٹر کے اندر لاکر دکھائے۔
انہوں نے کہا کہ امریکی افواج جانتی ہیں کہ آبنائے ہرمز کے قریب آنے والے کسی بھی بحری جہاز کو ایرانی فورسز کے ردعمل کا سامنا کرنا پڑے گا۔ ایرانی عہدیدار نے دعویٰ کیا کہ حالیہ دنوں میں اس نوعیت کے واقعات پیش بھی آچکے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ایران آبنائے ہرمز کے معاملے پر اپنی دفاعی پوزیشن برقرار رکھے ہوئے ہے۔ یہ آبی گزرگاہ عالمی تیل اور گیس کی ترسیل کے لیے انتہائی اہم ہے اور ایران، امریکہ کشیدگی کے باعث اس کی سکیورٹی اور بحری آمدورفت پر عالمی سطح پر گہری نظر رکھی جارہی ہے۔