خان یونس کے ناصر ہاسپٹل پر اسرائیلی فضائی حملہ، 15 جاں بحق افراد میں 4 صحافی شامل
جنوبی غزہ کے مین ہاسپٹل پر پیر کے دن اسرائیل کے فضائی حملہ میں 15 افراد جاں بحق ہوئے۔ وزارت ِ صحت نے بتایا کہ ناصر ہاسپٹل کی چوتھی منزل پر یہ لوگ مزائل کی زد میں آئے۔
دیر البلح(غزہ پٹی) (اے پی) جنوبی غزہ کے مین ہاسپٹل پر پیر کے دن اسرائیل کے فضائی حملہ میں 15 افراد جاں بحق ہوئے۔ وزارت ِ صحت نے بتایا کہ ناصر ہاسپٹل کی چوتھی منزل پر یہ لوگ مزائل کی زد میں آئے۔
ریسکیو عملہ جب وہاں پہنچا تو اسی مقام پر ایک اور مزائل حملہ ہوا۔ خان یونس کا ناصر ہاسپٹل جو جنوبی غزہ کا سب سے بڑا دواخانہ ہے‘ 22 ماہ سے جاری جنگ کے دوران کئی مرتبہ فضائی حملوں اور بمباری کا نشانہ بن چکا ہے۔ عہدیداروں کا کہنا ہے کہ اب اس دواخانہ میں میڈیکل سپلائی اور اسٹاف کی شدید قلت ہے۔
آج کے حملہ میں جاں بحق 15 افراد میں 4 صحافی شامل ہیں۔ ان میں ایک ویڈیو جرنلسٹ 33 سالہ مریم جنگ شروع ہونے کے بعد سے امریکی نیوز ایجنسی اسوسی ایٹیڈ پریس (اے پی) کے لئے کام کررہی تھیں۔ اس فری لانسر صحافی نے حال میں خبر دی تھی کہ ناصر ہاسپٹل کے ڈاکٹرس ان بچوں کی جان بچانے کی جدوجہد کررہے ہیں جنہیں کوئی بیماری نہیں لیکن وہ بھوکوں مررہے ہیں۔
الجزیرہ اور رائٹر نے بھی توثیق کی کہ آج کے حملہ میں ان کے صحافی اور فری لانسرس جاں بحق ہوئے۔ کمیٹی ٹو پروٹیکٹ جرنلسٹس کے بموجب 22 ماہ کی جنگ میں غزہ میں جملہ 192 صحافیوں کی جان جاچکی ہے۔ آج کے حملہ کے بارے میں جب پوچھا گیا تو نہ تو اسرائیلی فوج اور نہ ہی اسرائیلی وزیراعظم کے دفتر سے فوری کوئی جواب ملا۔یو این آئی کے بموجب غزہ پر اسرائیلی فوج کے حملوں میں صبح سے اب تک مزید 64 فلسطینی شہید ہوچکے ہیں۔
شہدا ء میں بچے اور امداد کے متلاشی افراد بھی شامل ہیں۔ غزہ میں مجموعی شہادتوں کی تعداد 62 ہزار 686 ہوگئی۔ قطری نشریاتی ادارہ الجزیرہ کی رپورٹ کے مطابق غزہ سٹی پر حملہ کے منصوبہ پر پیش رفت کے ساتھ غزہ پر اسرائیلی فوج کے حملوں میں شدت آگئی ہے جس کے نتیجہ میں صہیونی حملوں میں آج صبح سے 64فلسطینی شہید ہوچکے ہیں۔
غزہ کے طبی ذرائع کے مطابق جنوبی غزہ میں اسرائیل نے 5 فلسطینیوں کو شہید کر دیا جو امداد کے متلاشی تھے۔ ناصر میڈیکل کامپلکس کے طبی ذرائع کے مطابق وہ افراد خوراک کے انتظار میں امریکی اور اسرائیلی حمایت یافتہ جی ایچ ایف کے فوڈ ڈسٹری بیوشن پوائنٹس کے قریب موجود تھے۔ اس سے قبل غزہ کے ہسپتالوں کے طبی ذرائع نے بتایا تھا کہ کم از کم7 امداد کے متلاشی افراد شہید ہو چکے ہیں۔
غزہ کی وزارتِ صحت کے مطابق اکتوبر 2023 سے اب تک اسرائیلی حملوں میں غزہ بھر میں کم از کم 62 ہزار 686افراد شہید اور ایک لاکھ 57 ہزار 951 زخمی ہوچکے ہیں۔ مئی کے آخر میں امریکی اور اسرائیلی حمایت یافتہ جی ایچ ایف کے قیام سے اب تک اسرائیلی فائرنگ سے شہید ہونے والے امداد کے متلاشی افراد کی کل تعداد 2095 تک پہنچ گئی ہے جبکہ زخمیوں کی تعداد 15 ہزار 431 سے تجاوز کر گئی ہے۔