فلسطینیوں پر اسرائیل کا وحشیانہ قتل عام ناقابل قبول: کینیڈا
میلانی جولی نے کہاکہ رفح پر اسرائیلی فوجی کارروائی سے متعلق ہمارا موقف واضح ہے۔ معصوم فلسطینیوں کا قتل عام کسی صورت میں بھی قابل قبول نہیں ہے۔ہم اسرائیل کو عالمی عدالت کے احکامات کو یقینی بنانے پر زوردیتے ہیں۔

اٹاوا: کینیڈا کی وزیر خارجہ میلانی جولی نے پارلیمنٹ میں تقریر کرتے ہوئے کہاکہ جنگ کے بھی کچھ اصول اور ضوابط ہوتے ہیں لیکن اسرائیلی حملوں میں رفح سے جو مناظرسامنے آرہے ہیں وہ تکلیف دہ اور دل دہلادینے والے ہیں۔
کینیڈا کی وزیر خارجہ نے رفح میں بے گھر افراد کی خیمہ بستی پر اسرائیلی فوج کی وحشیانہ حملوں کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہاکہ فلسطینیوں کے پاس اب کوئی محفوظ جگہ نہیں بچی۔
میلانی جولی نے کہاکہ رفح پر اسرائیلی فوجی کارروائی سے متعلق ہمارا موقف واضح ہے۔ معصوم فلسطینیوں کا قتل عام کسی صورت میں بھی قابل قبول نہیں ہے۔ہم اسرائیل کو عالمی عدالت کے احکامات کو یقینی بنانے پر زوردیتے ہیں۔
کینیڈا کی وزیر خارجہ نے غزہ میں فوری جنگ بندی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہاکہ اس وقت فلسطین کی حالت تباہ کن ہے۔ معصوم فلسطینیوں کی لاشوں کی دل چیردینے والی تصاویر اور ویڈیوز سامنے آرہی ہیں۔
فلسطینی وزارت صحت کے مطابق 7 اکتوبر سے جاری اسرائیلی حملوں میں فلسطینی شہدا کی تعداد 36 ہزار 96 ہوگئی ہے۔ فلسطینی وزارت صحت کے مطابق اسرائیلی حملوں میں اب تک 81 ہزار136 فلسطینی زخمی ہوئے ہیں۔