دہلی

اندور میں پارٹی امیدوار نامزدگی واپس لے کر بی جے پی میں شامل

مدھیہ پردیش میں کانگریس کو پیر کے دن اس وقت دھکا لگا جب اس کے امیدوار حلقہ لوک سبھا اندور اکشے کانتی بام نے اپنی نامزدگی واپس لے لی اور بی جے پی میں شمولیت اختیا رکرلی۔

بھوپال/ نئی دہلی: مدھیہ پردیش میں کانگریس کو پیر کے دن اس وقت دھکا لگا جب اس کے امیدوار حلقہ لوک سبھا اندور اکشے کانتی بام نے اپنی نامزدگی واپس لے لی اور بی جے پی میں شمولیت اختیا رکرلی۔

کانگریس امیدوار نے بی جے پی رکن اسمبلی اندور شنکر لالوانی اور موجودہ رکن پارلیمنٹ رمیش مینڈولا کے ساتھ ڈسٹرکٹ الیکشن آفس پہنچ کر اپنی نامزدگی واپس لے لی۔

بعدازاں انہو ں نے سینئر بی جے پی قائد اور کابینی وزیر کیلاش وجئے ورگیہ سے ان کے دفتر میں ملاقات کی اور بی جے پی میں شامل ہوگئے۔ اندور میں پولنگ چوتھے مرحلہ کے تحت 13 مئی کو ہوگی۔

پی ٹی آئی کے بموجب کانگریس نے آج کی پیشرفت کو ”جمہوریت کے لئے خطرہ“ قراردیا۔ اس نے اظہارِ حیرت کیا کہ الیکشن کمیشن جب توجہ نہ دے رہا ہو تو ایسی صورت میں آیا آزادانہ و منصفانہ الیکشن ممکن ہے۔

امیدواروں کو دھمکایا جارہا ہے۔ کانگریس ترجمان سپریہ شریناتے سے جب اس سلسلہ میں پوچھا گیا تو انہوں نے کہا کہ اس شخص (اکشے کانتی بام) کی ریاست میں کئی یونیورسٹیاں اور کالجس ہیں۔

اس پر ایک الزام قتل کا بھی ہے۔ یہ نارمل نہیں ہے کہ کوئی یوں ہی نامزدگی واپس لے لے اور بی جے پی میں چلاجائے۔